خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبدالقادر طہ الشیبی مکہ مکرمہ میں انتقال کرگئے

اسلام سےقبل سےخانہ کعبہ کی چابیوں کی ذمہ داری الشیبی خاندان کےپاس ہے اور ان کاکام کعبہ کو کھولنا،بندکرنا اورغسل دیناہے


ویب ڈیسک October 24, 2014
خانہ کعبہ کے کلید بردار طہ الشیبی انتقال کرگئے، ڈیزائن:اویس خان

KARACHI: خانہ کعبہ کی چابیوں کے رکھوالے شیخ عبدالقادر طہ الشیبی 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے جب کہ ان کی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کردی گئی۔

خانہ کعبہ کی چابیوں کو رکھنے کی یہ ذمہ داری الشیبی خاندان اسلام سے قبل سے انجام دے رہا ہے اور فتح مکہ کے بعد بھی حضرت محمدﷺ نے یہ ذمہ داری الشیبی خاندان کے پاس ہی رکھنے کی اجازت دی اور فرمایا کہ قیامت کے دن تک یہ چابیاں آپ کے خاندان کے پاس رہیں گی۔ خانہ کعبہ کی چابیاں کا رکھوالا موجودہ خاندان کا تعلق شیبہ بن اوتھمن ابی طلحہ سے ہے جو حضرت محمدﷺ کے دور سے یہاں رہائش پذیرہے جب کہ انتقال کرجانے والے طہ الشیبی کو یہ ذمہ داری 4 سال قبل ان کے چچا عبدالعزیز الشیبی کے انتقال کے بعد دی گئی تھی۔

طہ الشیبی مکہ مکرمہ کے نیشنل گارڈ اسپتال میں جگر کے عارضے کے باعث زیرعلاج تھے جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جاملے، ان کی نمازجنازہ مسجد الحرام میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نےشرکت کی جب کہ انہیں جنت المالہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ خانہ کعبہ کی کنجی الشیبی خاندان کے سب سے معمر شخص کے پاس ہوتی ہیں اوراب شیخ عبدالقادر طہ الشیبی کے انتقال کے بعد یہ چابی ان کے خاندان کے سب سے معمر شخص ڈاکٹر صالح بن طہ کے حوالے کی جائیں گی، الشیبی خاندان کی ذمہ داریوں میں خانہ کعبہ کو کھولنا، بند کرنا اور غسل دینا شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔