’’ہیپی نیو ایئر‘‘ کا شاندار افتتاح دوسرے اداکار کا ٹریلر میری فلم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا شاہ رخ خان

دبئی میں ورلڈ پریمیئر کے موقع پر ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ کی پوری ٹیم کے ساتھ دنیا بھر سے آئے 600 مداح بھی شریک تھے۔


Showbiz Desk October 25, 2014
میری فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا، شاہ رخ خان۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کنگ اداکار شاہ رخ خان کی فلم ''ہیپی نیو ایئر '' کا ورلڈ پریمیئر جمعرات کی شام دبئی میں ہوا جب کہ بھارت میں اسے گزشتہ روز سینما گھروں کی زینت بنایا گیا۔

دبئی میں ورلڈ پریمیئر کے موقع پر ''ہیپی نیو ایئر '' کی پوری ٹیم کے ساتھ دنیا بھر سے آئے 600 مداح بھی شریک تھے جنہوں نے تقریب میں خوب لطف اٹھایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فرح خان' اداکار شاہ رخ خان' دپیکا پڈوکون' ابھیشیک بچن' جیکی شیروف' بومن ایرانی' سونو سود' ویون شاہ' ملائکہ اروڑا' سارا جین ڈیاز اور ڈینو موریا کے ساتھ رائٹر مایور پوری' میوزک ڈائریکٹر وشال' شیکھر اور نغمہ نگار ارشد کامل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے ایک انٹرویو میں اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ میری فلم کے پریمیئر کے موقع پر ایک اور اداکار کی فلم کا جاری کردہ ٹریلر میری فلم ''ہیپی نیو ایئر '' کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔

مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ نے کہا ہمہ وقت کام کرنا بہت ضروری ہے اگر آپ رک جاتے ہیں تو آپ کئی چیزیں ایک ساتھ نہیں کر سکتے یہی میں نے اپنی فلم کے لیے کیا اور ہر کام اپنے وقت پر سرانجام دیا ہے۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کام کا دورانیہ 12 گھنٹے ہے مگر میرے حساب سے یہ 16 سے 18 گھنٹے ہے' گھر میں بچوں کو وقت دیتا ہوں' چھٹی کا دن ہو تو پھر کوئی کام نہیں کرتا نہ ہی کوئی کال سنتا ہوں۔

بیٹے ابرام کے فلم میں آنے سے متعق بات کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا کہ سیٹ پر ڈائریکٹر فرح نے اپنے بچوں کے ساتھ ابرام کے کھیلتے ہوئے ایک شاٹ لیا ہے جسے آخری گانے کے دوران رکھا گیا ہے جب کہ اہلیہ گوری بھی شاٹ میں ہیں۔

فلم ''ہیپی نیو ایئر ''کی ریلیز کے موقع پر عامر خان کی فلم ''پی کے'' کے تھیٹریکل ٹریلر جاری کرنے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ اس میں کوئی حرج نہیں' ہم اداکار لوگ اپنے کام میں اتنے مصروف ہوتے ہیں کہ ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ دیکھیں کوئی دوسرا کیا کر رہا ہے' جب فلم ''سنگم'' ریلیز ہوئی تھی تو ہماری مارکیٹنگ ٹیم نے تجویز کیا تھا کہ اس کے ساتھ اپنی فلم کا ٹریلر بھی لے آئیں' ہم نے اس کا اہتمام بھی کرلیا مگر پھر اجے دیوگن کو ہم نے فری ہینڈ دے دیا' ہم نے تو ایسا سوچا مگر کوئی دوسرا نہیں کرتا تو اس پر سوچنا غیر منطقی ہوگا' اگر کوئی سوچتا ہے کہ اداکار کا ٹریلر میری فلم کو نقصان پہنچائے گا تو یہ اس کا پاگل پن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔