وارن کی ٹویٹ یاسر شاہ کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا

28 سالہ لیگ اسپنرکی بولنگ کو سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سراہا۔


Sports Desk October 25, 2014
مجھے ان کی بولنگ دیکھنا اچھا لگا جس میں بہت طاقت تھی، شین وارن کا ٹوئٹ۔ فوٹو: فائل

شین وارن کی ٹویٹ پر پاکستانی اسپنر یاسر شاہ کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا، انھوں نے آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 66رنز کے عوض 3 شکار کیے۔

سعید اجمل کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ کیریئر کی شروعات کا موقع پانے والے28 سالہ لیگ اسپنرکی بولنگ کو سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سراہا،سابق کینگروز اسٹارکو اپنا آئیڈل قرار دینے والے یاسر شاہ نے کہا کہ میں نے ان کی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا ہے، وارن نے اپنے ٹوئٹ میں یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ مجھے ان کی بولنگ دیکھنا اچھا لگا جس میں بہت طاقت تھی، انھوں نے گیند کی رفتار کو بھی عمدگی سے استعمال کیا، اس بابت جب میڈیا نے یاسر شاہ سے استفسار کیا تو وہ خوشی سے پھولے نہیں سمائے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے شین وارن کو ٹی وی اسکرینز میں دیکھ کر لیگ بریک بولنگ شروع کی تھی، لندن سے میرے دوست ان کی ویڈیوز خاص کر بھیجاکرتے تھے، میں انھیں روزانہ دیکھتا اور ان کی نقالی کرنے کی کوشش بھی کرتا تھا، وارن عظیم بولر اور میرے آئیڈیل ہیں، ٹیسٹ ڈیبیو کا ذکر کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ میں اس موقع پر کچھ نروس تو تھا لیکن جلد ہی نارمل ہوتے ہوئے اپنے منصوبے کے تحت بولنگ شروع کردی، یہ میرے لیے بڑا موقع ہے، میں نے ایک لائن اور لینتھ پر توجہ دیتے ہوئے اپنا کام شروع کیا، میں نے ایک اسپاٹ کو اپنا ہدف بنائے رکھا۔

اس دوران تمام سینئرپلیئرز نے مجھے لائن اور لینتھ برقرار رکھنے کی ترغیب دی اور ہمہ وقت حوصلہ افزائی کی، یاسرشاہ نے مزید کہا کہ میں آسٹریلوی سنچری میکر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ ملنے پر بہت خوش ہوا کیونکہ اس وقت ہمیں اس کی اشد ضرورت تھی،وہ خاصا تیز کھیل رہے تھے، ہر ایک نے مجھے مشورے دیے، خاص یونس خان اور مصباح الحق نے مجھے بہت سپورٹ کیا،یاد رہے کہ یاسر شاہ 14 برس بعد قومی ٹیم میں شامل ہونے والے پہلے ریگوکر لیگ اسپنر ہیں، ان سے قبل 2000 میں دانش کنیریا نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، وہ 61 میچز میں 261 وکٹیں لینے کے بعد اب اسپاٹ فکسنگ کے سبب پابندی کا شکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔