امید ہے ہماری طرح عمران خان بھی اپنی کوتاہیوں سے سبق سیکھیں گے پرویز رشید

ہم عمران خان کی گالیاں برداشت کررہے ہیں تو وہ بھی سچ کو برداشت کریں، وفاقی وزیر اطلاعات

گر تحریک انصاف نے نومبر میں معیشت کو مزید نقصان پہنچایا تواس کا دسمبر میں ازالہ کریں گے، پرویز رشید۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کہتے ہیں کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے امید ہے کہ عمران خان بھی اپنی کوتاہیوں سے سبق سیکھیں گے۔


اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کامیاب کارروائی کررہی ہیں۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، جس کے بعد وہ بھاگ رہے ہیں، انہیں جلد شکست دے کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کردیں گے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان مزید مضبوط اور بہتر ملک ہوگا۔

پرویزرشید نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا اور ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہوا۔ چین توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے لیکن دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرنا پڑا، اس کے علاوہ قطر بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران دھرنوں کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ اگر تحریک انصاف نے نومبر میں معیشت کو مزید نقصان پہنچایا تواس کا دسمبر میں ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سیکھ رہے ہیں توقع ہے کہ عمران خان بھی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق سیکھیں گے۔ اگر ہم عمران خان کی گالیاں برداشت کررہے ہیں وہ سچ کو برداشت کریں۔
Load Next Story