قائد اعظم ٹرافی کراچی نے زیڈ ٹی بی ایل پر شکنجہ کس دیا

فضل سبحان116 پر ناقابل شکست ہیں، عدیل ملک نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سوئی سدرن گیس نے سیالکوٹ کیخلاف مجموعی سبقت 390 تک پہنچا دی، فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی میں کراچی ڈولفنز نے زیڈ ٹی بی ایل پر شکنجہ کس دیا، ٹیم کی مجموعی برتری321رنز ہوگئی۔

فضل سبحان116 پر ناقابل شکست ہیں، حریف ٹیم جوابی اننگز میں 118پر ڈھیر ہوئی، عدیل ملک نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،کے آرایل کیخلاف کراچی زیبراز کی جدوجہد جاری ہے، پہلی اننگز میں185کا بھاری خسارہ پانے والی ٹیم نے دوسری باری میں 3 وکٹ پر 173رنز جوڑ لیے۔ ایچ بی ایل نے میزبان فیصل آباد وولفزکو فالوآن پر مجبور کردیا، سوئی سدرن گیس نے میزبان سیالکوٹ کیخلاف 3 وکٹ پر 261رنز بناکر مجموعی سبقت 390 کرلی۔

حارث خان اور اویس ضیا نے سنچریاں داغ دیں،سیالکوٹ کی ٹیم جوابی اننگز میں 81 پر ہمت ہارگئی، تابش نے6وکٹیں لیں۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ لیگ میں تیسرے راؤنڈ مقابلوں کے دوسرے دن نیشنل اسٹیڈیم پر زرعی ترقیاتی بینک کیخلاف کراچی ڈولفنز نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 217رنز جوڑ کر مجموعی سبقت کو321 تک پہنچا دیا، فضل سبحان116 پر ناقابل شکست ہیں،ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، سعد علی67 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، اس سے قبل زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم جوابی اننگز میں 118پرڈھیر ہوگئی، شکیل انصر31 اور شعیب ملک16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

عدیل ملک نے 5 شکار کیے جبکہ شاہزیب احمد خان کو 3 وکٹیں ملیں، ڈولفنز نے پہلی باری میں 222رنز اسکور بورڈ پر سجائے تھے۔قذافی اسٹیڈیم میں میزبان لاہور لائنز کیخلاف سوئی ناردرن گیس نے5 وکٹ پر 318رنز جوڑ لیے، عمران بٹ 143رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، انھوں نے17 چوکے لگائے، عدنان اکمل 66 پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ان کے بڑے بھائی عمر اکمل27رنز بناکر میدان بدر ہوگئے، محمد رضوان74رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ڈائمنڈ گراؤنڈ پر اسلام آباد لیپرڈز سے میچ میں نیشنل بینک نے 3 وکٹ پر 96رنز بنالیے، عمر وحید42پر ناٹ آؤٹ ہیں ، محمد نواز24رنز بناکر پویلین واپس گئے۔


واپڈا سے میچ میں ملتان ٹائیگرز نے 9 وکٹ پر 279رنز بناکر 94رنز کی سبقت حاصل کرلی، احمد رشید73رنز بناکر پویلین لوٹے ، محمد علی نیازی65 پر ناقابل شکست ہیں، وقاص مقصود نے 4، محمد علی بھٹہ نے 3 اورخالدعثمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میزبان راولپنڈی ریمز کیخلاف پورٹ قاسم نے 5 وکٹ پر 134رنز اسکور کیے، خالدلطیف43 اور شاہزیب حسن41رنز بناکر نمایاں رہے، عاصم کمال24 پر ناٹ آؤٹ ہیں، رضوان اکبر نے 58 رنز دے کر5 وکٹیں اپنے نام کیں۔ارباب نیاز اسٹیڈیم پر پشاور پینتھرز کیخلاف یوبی ایل نے 5 وکٹ پر 315کا مجموعہ ترتیب دے کر217کی سبقت حاصل کرلی، حمزہ پراچہ111 اور علی اسد94رنز بناکر نمایاں رہے، سعید بن ناصر33 پر ناٹ آؤٹ ہیں، عزیزاللہ اور آفاق احمد نے 2،2 وکٹیں لیں۔سلور لیگ میں یوبی ایل گراؤنڈ نمبرون پر کے آرایل کیخلاف میزبان کراچی زیبراز کی جدوجہد جاری ہے۔

پہلی اننگز میں 185رنز کا بھاری خسارہ پانے والی ٹیم نے دوسری باری میں 3 وکٹ پر 173رنز جوڑ لیے، حریف سائیڈ کو اب بھی 12رنز کی برتری ہے، ذیشان جمیل74 اور جاہد علی43رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اس سے قبل خان ریسرچ لیبارٹریز کی پہلی اننگز268 پر تمام ہوئی،عثمان ارشد61 اور امام الحق51رنز کے ساتھ نمایاں رہے، منصور احمد اور باسط علی نے5،5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔جناح اسٹیڈیم پر سوئی سدرن گیس نے میزبان سیالکوٹ کو رنز کے انبارتلے دبا دیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں3 وکٹ پر261رنز بناکر مجموعی سبقت390 تک پہنچا دی، حارث خان104 پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ اویس ضیا108 کی اننگز کھیل کر پویلین واپس ہوئے، اس سے قبل سیالکوٹ کی ٹیم نے پہلی نامکمل اننگز کو2 وکٹ پر8 رنز سے شروع کیا لیکن تابش خان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے81 پر ڈھیر ہوگئی۔

تابش نے 33رنز کے عوض6 وکٹیں لیں، عتیق الرحمان41رنز بناکر کچھ مزاحمت پیش کرپائے۔اقبال اسٹیڈیم پر ایچ بی ایل نے میزبان فیصل آباد وولفزکو فالوآن پر مجبور کردیا، بینک نے اپنی نامکمل اننگز کو 240-6 سے شروع کیا اور103.4 اوورز میں 332رنز بناکرآؤٹ ہوگئی، اسد بیگ 72، فخر زمان69 اور عبدالرحمان50رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمران علی نے3وکٹیں لیں، وولفز جوابی اننگز میں 166 پر ڈھیر ہوگئے، عبدالرحمان نے 4 ، اسلم قریشی نے 3 اور عمرگل نے 2 وکٹیں لیں، فالو آن کے بعد میزبان سائیڈ نے10رنز پر ایک وکٹ گنوا دی۔ لاہور ایگلز کیخلاف پی آئی اے نے جوابی اننگز میں 9 وکٹ پر239رنز بنالیے، شعیب خان 69، شہر یارغنی58 اور فیصل اقبال36 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

آصف رضا اور شاہ نواز جونیئر نے 3،3 پلیئرز کو پویلین واپس بھیجا۔نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد پر پی ٹی وی سے میچ میں کوئٹہ بیئرز نے 194 پر ہمت ہاردی، شاہد ترین کے 60رنز سب سے نمایاں رہے، محمد عباس اور عثمان اشرف نے 4،4 جبکہ علی رضا نے 2 شکار کیے،سرکاری ٹی وی نے جواب میں 2 وکٹ پر 88رنز بنالیے، راحیل مجید38کی اننگز کھیل کر میدان بدر ہوئے۔ایبٹ آباد اسٹیڈیم پر میزبان فالکنز کیخلاف اسٹیٹ بینک نے جوابی اننگز میں 6 وکٹ پر213رنز بنالیے،عابد علی47رنزکے ساتھ نمایاں رہے، شکیل اور عمیر نے 2،2 وکٹیں لیں، اس سے پہلے فالکنز کی پہلی اننگز219 پر تمام ہوگئی، خلیل اللہ کے 68رنز نمایاں رہے، سعد الطاف نے 5 اور کاشف بھٹی نے 4 وکٹیں لیں۔
Load Next Story