حکومت نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز پورے نہ دیے3لاکھ72ہزار خاندان امداد سے محروم

حکومت نے جولائی سے ستمبر تک24.1 ارب روپے جاری کرنے تھے لیکن صرف 20.7 ارب روپے ہی جاری کئے


Shahbaz Rana October 26, 2014
سرکاری عہدیداروں کے مطابق ہدف فنڈز کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ انتظامی معاملات کی وجہ سے حاصل نہیں ہو سکا فوٹو : فائل

وفاقی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی رقوم منتقل کرنے کا ہدف پورا نہیں کرسکی۔ جس سے 3 لاکھ 72 ہزار خاندان 1500 ماہانہ مالی امداد سے محروم رہ گئے ہیں.

بی آئی ایس پی سیکریٹریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے جولائی سے ستمبر تک 50 لاکھ خاندانوں کے لئے 24.1 ارب روپے جاری کرنے تھے لیکن حکومت46 لاکھ 30 ہزار خاندانوں کے لئے 20.7 ارب روپے جاری کرسکی، مذکورہ ہدف پورا نہ کرنے کی ایک وجہ بی آئی ایس پی سیکریٹریٹ کے مستقل سیکریٹری کا تقرر نہ ہونا بتائی گئی ہے، مالی سال 2014-15 کے لئے حکومت نے بی آئی ایس پی کے لئے 97ارب روپے مختص کیے تھے اور پہلی سہ ماہی ( جولائی تا ستمبر) کے دوران 24 ارب روپے بی آئی ایس پی کو منتقل کیے جانے تھے اور اگلے سال جون تک مستحقین کی تعداد 53 لاکھ کرنی تھی۔

سرکاری عہدیداروں کے مطابق ہدف فنڈز کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ انتظامی معاملات کی وجہ سے حاصل نہیں ہو سکا ۔ان کاکہنا ہے مستحقین کی تعداد اس وقت تک نہیں بڑھائی جاسکتی جب تک نئے بینظیر ڈیبٹ کارڈز جاری نہیں کر دیے جاتے،بی آئی ایس پی سیکریٹریٹ کے سیکریٹری کا عہدہ کئی ماہ سے خالی ہے، سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے نئے مستحقین کے انداراج کے لئے نادرا اور بینکوں سے معاہدہ طے پانا ہے لیکن یہ اس وقت تک نہیں ہو سکتاجب تک حکومت بی آئی ایس پی کا مستقل سیکرٹری مقرر نہیں کرتی، ان کا مزید کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی بورڈ پرکوئی کنفیوژن نہیں ہے، حکومت نے حال ہی میں بورڈ کے4 نئے نجی ممبرز نامزد کیے تھے لیکن اس کے9ممبران ابھی بھی پورے نہیں ہوئے، بعض عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اور وزیر پانی و بجلی ابھی بھی بورڈ کے ممبران ہیں لیکن بعض کا موقف ہے کہ پہلا بورڈ 9 اکتوبر کوتحلیل ہو گیا تھا اس لیے اب وہ ممبران نہیں رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں