سنگاپور ٹینس سرینا ولیمز نے ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنالی

میری کوشش تھی کہ میں مثبت رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بہترکھیل پیش کروں، سرینا ولیمز


Sports Desk/AFP October 27, 2014
فائنل میں ڈیوڈ گوفن کو باآسانی 6-2 اور6-2 سے شکست دے دی. فوٹو: اے ایف پی

سرینا ولیمز نے سنگاپور ویمنز ٹینس کی ٹرافی جیت کر سیزن کا اختتامی ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک بنالی، وہ 22 برس بعد یہ کارنامہ انجام دینے والی دوسری پلیئر بنیں۔

ان سے قبل مونیکا سیلس نے 1992 میں لگاتار تیسری مرتبہ سیزن کا اختتامی ٹورنامنٹ جیتا تھا، فائنل میں سیمونا ہالیپ ناکام ہوگئیں، ویمنز ڈبلز ٹرافی پر بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا اور کارا بلیک نے قبضہ جمالیا، باسل انڈور ٹینس میں راجرفیڈرر نے میدان مارلیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں ڈیوڈ گوفن کو ٹھکانے لگادیا، ویلنسیا اے ٹی پی کے فائنل میں اینڈی مرے نے ٹومی روبریڈو کو قابو کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سنگاپور ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ سرینا ولیمز نے جیت لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی عالمی نمبرون پلیئر نے سیزن کا اختتامی ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک بھی بنالی، وہ اس سے قبل ترکی میں منعقدہ ایونٹس کی ٹرافیاں بھی اپنے نام کرچکی ہیں، سرینا 22 برس بعد ایونٹ کی ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی بنانیوالی پہلی پلیئر بنیں، اس سے قبل مونیکا سیلس نے 1992 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، سرینا نے فیصلہ کن معرکے میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 6-3 اور6-0 سے زیر کیا، 33 سالہ سرینا نے لیگ مرحلے میں ہالیپ سے شکست کا حساب بھی چکتا کرلیا۔

کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرینا نے کہا کہ مجھے اس مقابلے میں اپنا انداز برقرار رکھنے پر ہی کامیابی ملی، میری کوشش تھی کہ میں مثبت رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بہترکھیل پیش کروں، گذشتہ میچ میں مجھ سے کئی غلطیاں سرزد ہوئی تھیں، مجھے اس کا احساس تھا، میں اپنے انداز کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے شائقین ٹینس کو بہترین کھیل دکھانا چاہتی ہوں، سال کا اختتام بطور نمبرون پلیئر کے طور پر کرنے والی سرینا نے کہا کہ میرے لیے یہ برس مشکلات سے بھرا رہا۔

اس دوران میرے کیریئر میں کئی نشیب و فراز آئے، میں نے برسبین میں ٹائٹل فتح کے ساتھ اچھا آغاز کیا لیکن سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں چوتھے رائونڈ میں ہارگئی، ایشیا کے دورے سے قبل انجریز مسائل نے مجھے گھیرے رکھا،لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں ان تمام مسائل سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہوئی، سرینا کو کامیابی پر بیلی جین کنگ ٹرافی کے ساتھ انعامی رقم کا چیک بھی پیش کیاگیا۔

دوسری جانب شکست خوردہ سیمونا ہالیپ نے بھی اعتراف کیا کہ لیگ میچ میں مجھ سے ہارجانے کے بعد فائنل میں مجھے سرینا کے بھرپور انداز میں آنے کی توقع تھی، وہ مجھ سے اپنی اس ناکامی کا انتقام لینا چاہتی تھیں، لیکن میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا۔ڈبلز ٹرافی ثانیہ مرزا اور کارا بلیک نے جیت لی۔

انھوں نے فائنل میں سیکنڈ سیڈ چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی اور چینی کھلاڑی پینگ شوئی کو اسٹریٹ سیٹ میں6-1 اور 6-0 سے مات دی، بھارتی اور زمبابوین پلیئرز پہلے سیٹ میں حریفوں پر غالب رہیں، وہ مجموعی طورپر محض ایک گیم جیت پائیں، یہ بطور جوڑی ثانیہ اور کارا کی آخری پرفارمنس تھی، ثانیہ اور کارا نے گذشتہ ماہ یوایس اوپن کے سیمی فائنلز میں بھی رسائی حاصل کی تھی، سنگاپور ایونٹ سے قبل انھوں نے بطور جوڑی اسے اپنا آخری ایونٹ قرار دے دیا تھا، ثانیہ مرزا نئے سیزن میں ہائش سو وائی کو اپنا پارٹنر بنائیں گی۔باسل انڈور ٹینس ٹورنامنٹ میں میزبان اسٹار راجرفیڈرر نے میدان مارلیا۔

انھوں نے فائنل میں ڈیوڈ گوفن کو باآسانی 6-2 اور6-2 سے شکست دے دی، فیڈرر نے چھٹی مرتبہ باسل ٹرافی اپنے نام کی، مجموعی طور پر یہ فیڈرر کے کیریئر کا 82واں ٹائٹل بنا۔ویلنسیا مینز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اینڈی مرے نے ٹومی روبریڈو کو 3-6،7-6(9/7) اور7-6(10/8) سے ہرادیا، اس سے قبل سیمی فائنلز میں اینڈی مرے نے ٹاپ سیڈ ڈیوڈفیرر کو 6-4 اور7-5 سے ٹھکانے لگادیا، اسپینش پلیئر ٹومی روبریڈو نے فرنچ حریف جیریمی شارڈے کو 7-6 (9/7)،7-6(7/2) سے مات دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں