BRUSSELS:
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو غربت، دہشتگردی اور توانائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اس لئے دھرنے والے انتشار پیدا کرنے کی کوشش چھوڑ کر پاکستان کو چلنے دیں۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہنا تھا کہ دھرنے والوں کا پاکستان کی ترقی سے کھیلنا مناسب نہیں بلکہ ہمیں سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور جو ملکی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں انہیں سوچنا چاہیئے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، پاکستان ترقی کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور عنقریب دھرنے دھرنے رہ جائیں گے اور پاکستان آگے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دھرنوں کی سیاست نہ ہوتی تو چین کے صدر اپنا دورہ ملتوی نہ کرتے، غیر ملکی دوست بھی ان دھرنوں سے نالاں ہیں، موجودہ حکومت ملک کو ترقی کی جانب لے جانے میں مصروف ہے یہی وجہ ہے کہ پونے دو سالہ حکومتی دور میں کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ سیاستدانوں نے ملک میں سنجیدہ سیاست کی سوچ رکھ دی اس لئے دھرنے والے اب بھی دھرنا چھوڑ کر چلے جائیں۔
اس سے قبل سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ موجودہ حکومت نے ایسے اقدامات کئے ہیں جس کی بدولت زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا جبکہ حکومت نے مالیاتی خسارے میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مقامی کرنسی کو مضبوط کیا اور روپے کی قدر میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ عشرے میں پاکستان میں عالمی مقابلے پرترقی کی شرح کم رہی ہے تاہم اب معاشی اہداف میں بہتری آئی ہے جبکہ حکومت کم آمدنی والے افراد کی مدد کے لیے 80 ارب روپے خرچ کررہی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دی ہے اور تمام شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آگاہی ملے گی۔