دہشت گرد نہیں بلکہ محبت وطن ہوں اوراتنی گاڑیاں نہیں توڑیں جتنی پولیس بتا رہی ہے گلو بٹ
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز گاڑیاں توڑنے والے گلو بٹ نے کہا کہ انہوں نے گاڑیوں کے اتنے شیشے نہیں توڑے جتنے پولیس عدالت میں بتا رہی ہے تاہم کسی کے کچھ بھی کہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔
لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گلو بٹ کا کہنا تھا کہ وہ گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے کوئی انوکھے شخص نہیں صرف 2 ہی گاڑیوں کے شیشے توڑے لیکن پولیس عدالت میں کئی گاڑیوں کا الزام لگا رہی ہے جب کہ میڈیا انہیں دہشت گرد بنا کر پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میرے ساتھ تصویریں بنوانا پسند کرتے ہیں جب کہ وہ کوئی دہشت گرد نہیں بلکہ ایک محبت وطن پاکستانی ہیں جس کی مثال یہ ہے کہ 60 سے 70 ہزارافراد ان کے ساتھ تصویریں بنوا چکے ہیں۔
گلو بٹ نے جذباتی انداز میں صحافیوں سے سوال کیا کہ ملک بھر میں دھماکے ہورہے ہیں اور حال ہی میں مولانا فضل الرحمان کی گاڑی کو نشانہ بنایا کیا وہ بھی گلو بٹ نے کیا، گلو کریسی بدنامی کا داغ ہے اور وہ پیار کرنے والے شخص ہیں لہذا انہیں بدنام نہ کیا جائے جبکہ گاڑیاں توڑنے کا معاملہ عدالت میں ہے اگر ثبوت آئیں گے تو فیصلہ ہوجائے گا۔