30 نومبر کو عوام کا سمندر کرپٹ نظام کو بہا لے جائے گا عمران خان

دھاندلی کے خلاف آج الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ ہوگا، چیرمین تحریک انصاف عمران خان


ویب ڈیسک October 27, 2014
نواز شریف نے کبھی بھی اپنے امپائر کے بغیر کرکٹ نہیں کھیلی اور عام انتخابات میں بھی انہوں نےافتخار چوہدری اورجسٹس (ر) رمدے کا سہارا لیا ، عمران خان فوٹو: آغا مہروز/ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے آج الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 نومبر کا دن فیصلہ کن دن ہوگا اور اس دن عوام کا سمندر کرپٹ نظام کو بہا لے جائے گا۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ''گو نواز گو'' کا نعرہ پوری دنیا میں پھیل گیا کیونکہ قوم کرپٹ حکومت سے عاجز آچکی ہے اور وزیر اعظم سمیت اسمبلی اور اسپیکر سب جعلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی بھی اپنے امپائر کے بغیر کرکٹ نہیں کھیلی، عام انتخابات میں بھی انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے کا سہارا لیا لیکن میں دونوں سابق جج صاحبان سے کہتا ہوں کہ وہ تیار رہیں کیونکہ ہمیں پتا ہے کہ انہوں نے کیا گیم کھیلی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج قوم کو غریب کیا جارہا ہے اور حکمران امیر ہو رہے ہیں، کوئلے کے پاور پلانٹس میں بے پناہ کرپشن ہورہی ہے، ریلوے کا خسارہ 125 ارب اور پاکستان اسٹیل مل کا 130 ارب روپے ہے، چوری اور نااہلی کو بجلی اور گیس پر ٹیکس کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے جبکہ بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹی وی فیس کی مد میں ماہانہ 10 ارب روپے لیے جارہے ہیں لیکن ہم قوم کے پیسے پر کسی صورت ڈاکا نہیں پڑنے دیں گے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم فضل الرحمان کا سیاسی طور پرمقابلہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔