’’رینٹ اے رَنر‘‘

جاگنگ کرنے والوں کے ساتھ دوڑ کر چینی نوجوان نوٹ کمانے لگے

جاگنگ کرنے والوں کے ساتھ دوڑ کر چینی نوجوان نوٹ کمانے لگے۔ فوٹو: فائل

چونگ کینگ جنوب مغربی چین میں واقع بڑا شہر ہے۔ شام کا وقت ہے شہر کے وسطی علاقے کے ایک خوب صورت پارک میں جاگنگ ٹریک پر دو افراد دوڑ رہے ہیں۔ ان میں سے ایک ادھیڑ عمر اور دوسرا نوجوان ہے۔

دھیمی رفتار سے دوڑنے کے ساتھ ساتھ نوجوان مسکراتے ہوئے لہجے میں ادھیڑ عمر شخص سے باتیں بھی کرتا جارہا تھا۔ کچھ دیر کے بعد نوجوان نے گھڑی پر نظر ڈالی اور اپنے ساتھی سے کچھ کہا، جس کے بعد دونوں نے دوڑنا موقوف کردیا اور پختہ روش کے ساتھ ہی سرسبز گھاس پر رکھی ہوئی بنچ پر جا بیٹھے۔

کچھ دیر کے بعد ادھیڑ عمر نے ٹرائوزر کی جیب میں ہاتھ ڈال کر چند نوٹ نکالے اور نوجوان کو تھمادیے۔ نوجوان نے شکریے کے الفاظ کہے اور اٹھ کر ایک جانب چل دیا۔ تھوڑی دیر کے بعد وہ ایک اور شخص کے ساتھ جاگنگ کرتا ہوا نظر آرہا تھا۔ قریباً ایک گھنٹے تک دوڑنے اور تیزقدمی کرنے کے بعد وہ اب نئے شخص کے ساتھ بنچ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس بار نوجوان کے چہرے پر تھکن کے آثار بھی نمایاں تھے۔ تاہم اُس شخص سے رقم وصول کرتے ہوئے نوجوان کے چہرے پر مسکراہٹ اور چمک آگئی تھی۔


اس چوبیس سالہ نوجوان کا نام چین لی ہے اور وہ یونی ورسٹی میں زیرتعلیم ہے۔ جن دو افراد کے ساتھ اس نے جاگنگ کی وہ اس کے شناسا نہیں بلکہ ' گاہک ' تھے، جنھوں نے جاگنگ کے دوران لی کا ساتھ خریدنے کے عوض اسے ادائیگی کی تھی۔ آپ حیران ہوں گے مگر یہ لی کا پیشہ ہے۔ وہ معاوضے کے عوض لوگوں کے ساتھ جاگنگ کرتا ہے۔ اس دوران وہ اپنے گاہک سے ہلکی پھلکی باتیں کرتا ہے اور اس کا حوصلہ بڑھاتا ہے۔

لی کے گاہک عام طور پر دفتری ملازمت کرنے والے افراد ہوتے ہیں جو پورا دن دفتر میں کرسی پر بیٹھ کر گزارتے ہیں اور شام میں جاگنگ کرنے کے لیے پارک میں چلے آتے ہیں۔ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جنھیں جاگنگ کے دوران کسی ساتھی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، چناں چہ وہ لی جیسے نوجوانوں کی خدمات حاصل کرلیتے ہیں۔

چینی نوجوان بالخصوص طلبا اس ' کام ' کی وجہ سے معقول آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ چینی روزنامے '' گلوبل ٹائمز'' کی رپورٹ کے مطابق اس طریقے سے چینی نوجوان 3000 یوآن ( تقریباً 50000 ہزار روپے ) ماہانہ تک کما رہے ہیں۔ لی ایک گھنٹے کا معاوضہ دس یوآن لیتا ہے جوکہ جاری رجحان سے پانچ یوآن کم ہے مگر لی کا کہنا ہے کہ کم معاوضے کی وجہ سے اسے زیادہ گاہک مل رہے ہیں۔

لی نے آن لائن خریداری کی ویب سائٹ Taobao پر ' رینٹ اے رنر ' کے عنوان سے ایک اشتہار ڈال رکھا ہے جس کے مطابق عام دنوں میں شام سات سے رات بارہ بجے ا ور ایام تعطیل میں تمام دن اس کا ساتھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story