عراقی دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے میں خود کش حملے 24 افراد ہلاک 60 زخمی

خودکش حملہ جرف الشکر میں کیا گیا جسے عراقی فوج نے اسلامک اسٹیٹ کے قبضے سے دو دن قبل ہی آزاد کروایا تھا۔

عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پرامریکی بمباری جاری، قطر کی دولت اسلامیہ کو امداد فراہم کرنے کی تردید۔ فوٹو: فائل

عراقی دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے میں خودکش حملے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے، خودکش حملہ جرف الشکر میں کیا گیا جسے عراقی فوج نے اسلامک اسٹیٹ کے قبضے سے دو دن قبل ہی آزاد کروایا تھا۔

بمبار نے عراقی سیکیورٹی اہلکاروں اور شیعہ ملیشیا کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار اس وقت ایک چوکی سے ٹکرا دی جب وہاں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ شیعہ ملیشیا کے ارکان بھی موجود تھے۔ یہ واقعہ بغداد کے جنوب میں50 کلومیٹر دور واقع سنی اکثریتی قصبے جرف الشکر میں پیش آیا۔ دریں اثنا داعش نے شام کے مشرقی علاقے میں جاسوسی کرنے کے الزام میں 4 افراد کو قتل کردیا۔


امریکی فضائیہ نے شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری جاری رکھی۔ شامی شہر کوبانی میں شدید لڑائی جاری ہے۔ عراقی کرد شامی علاقے کوبانی میں فعال اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کے خلاف زمینی جنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔ عراقی کردوں کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ کوبانی میں اپنے کرد ساتھیوں کو البتہ ان جہادیوں کے خلاف آرٹلری میں مدد فراہم ضرور کریں گے۔ قطر کے اعلیٰ حکام نے سختی کے ساتھ ان الزامات کی تردید کی ہے کہ ان کا ملک شام میں دولت اسلامیہ جیسی کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی مدد کر رہا ہے تاہم قطری حکام نے معتدل جنگجوؤں کی امداد کا اعتراف کیا ہے۔

امریکا نے اتحادی ممالک سے اپیل کی ہے کہ داعش کے خلاف آن لائن جنگ بھی لڑی جائے۔ ان خیالات کا اظہار کویت سٹی میں اتحادی ممالک کے اجلاس کے دوران امریکا کے سابق جنرل جان ایلن نے کیا۔ اجلاس میں بحرین، برطانیہ، فرانس، عراق، اردن، لبنان، اومان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ داعش میں غیرملکی جہادیوں کی بھرتی کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
Load Next Story