آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر سندھ کے قحط زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج کے چار دستے تھرپارکر روانہ کر دیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی سے پاک فوج کی 4 کمپنیاں چھاچھرو، ڈلی اور مٹھی اضلاع بھجوائی گئی ہیں جہاں متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ چھاچھرو، ڈپلو، ڈھونیا اور کھنسر میں راشن تقسیم کرنے کے پوائنٹ قائم کردیئے گئے ہیں اور چاروں ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر60 ٹن راشن موجود ہے اور صبح سے جاری ہونے والے ریلیف آپریشن کے دوران 900 خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیا اورصاف پانی فراہم کیا جاچکا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 4 میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ نقل مکانی اور راشن کی تقسیم کیلئے 2 ہیلی کاپٹر بھی مختص کر دئے گئے۔