کراچی ایئرپورٹ حملے میں ملوث 4 دہشت گرد گرفتار ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی

ملزمان نےحملےکیلئے افغان سرحدکےقریب ٹریننگ کیمپ میں تربیت لی اوربلوچستان کےراستےکراچی پہنچے،ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی

حملے میں القاعدہ، کالعدم تحریک طالبان اور مقامی دہشت گرد ملوث ہیں، پولیس، فوٹو:فائل

سی آئی ڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی ثاقب اسماعیل میمن کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے طارق روڈ اور ملیر میں کارروائی کی جہاں سے کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سی آئی ڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرمد صدیقی، ندیم برگر عرف ملا، آصف ظہیر اور ماسٹر عیسیٰ شامل ہیں، ملزمان نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے لیے افغان سرحد کے قریب ٹریننگ کیمپ میں تربیت لی اور بلوچستان کے راستے کراچی پہنچے جبکہ حملے کا منصوبہ بلوچستان میں بنایا گیا تھا۔


سی آئی ڈی حکام کا کہنا ہےکہ کراچی ایئرپورٹ حملے کے تانے بانے کوئٹہ کے سمنگلی ایئربیس حملے سے ملتے ہیں جبکہ حملے میں القاعدہ، کالعدم تحریک طالبان اور مقامی دہشت گرد ملوث ہیں اور دہشت گردوں نے حملے سے پہلے شاہ فیصل کالونی میں رہائش اختیار کی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 8 جون کی شب حملہ کیا گیا تھا جس میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ فورسز کے آپریشن میں تمام دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
Load Next Story