امریکا تعلقات میں بہتری کے لئے ڈرون حملے مستقل طور پر بند کرے چوہدری نثار علی

پاک امریکا تعلقات میں مشکل عنصر ڈرون حملے ہیں اورجب یہ کچھ عرصے کیلئے رکے تو دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئی، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک October 28, 2014
اختلافات دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کا راستہ اپنائیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بہتر تعلقات قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ پاکستانی حدود میں ڈرون حملے مستقل طور پر بند کئے جائیں۔

اسلام آباد میں چوہدری نثارعلی سے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکا کے نمائندہ خصوصی ڈینئل فیلڈمین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں مشکل عنصر ڈرون حملے ہیں اورجب یہ کچھ عرصے کے لئے رکے تو اس دوران دو طرفہ تعلقات بہتر ہوئے لیکن بہتر تعلقات قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ امریکا پاکستانی حدود میں ڈرون حملے مستقل طور پر بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے اہم ہے کہ امریکا پاکستان کے نقطہ نظر کو سمجھتا ہے اور اختلافات دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔

اس موقع پرامریکی نمائندہ خصوصی ڈینئل فیلڈمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کی حمایت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے کے لئے عوامی رابطے کو فروغ دیا جائے گا جب کہ امریکا پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بھی جاری رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں