جمہوریت درست سمت میں گامزن ہے گلگت بلتستان کو ماڈل بنائینگے وزیراعظم

جمہوری عمل کوپائیداربنیادوں پرتقویت دینے کے خواہاںہیں،فرقہ وارانہ تعصب سے انتہا پسند عناصرفائدہ اٹھا رہے ہیں


APP/Numainda Express September 29, 2012
جمہوری عمل کوپائیداربنیادوں پرتقویت دینے کے خواہاںہیں،فرقہ وارانہ تعصب سے انتہا پسند عناصرفائدہ اٹھا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا اپنی آئینی مدت کی تکمیل کی طرف خوش اسلوبی سے سفر جمہوریت کے تسلسل اور عوامی حقوق کی بحالی کیلیے خوش آئند ہے۔

ہم وطن عزیز کوجمہوریت کے سائے تلے ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے خواہاں ہیں،گلگت بلتستان کی تعمیروترقی کا تہیہ کررکھاہے، اسے ترقیاتی لحاظ سے ماڈل بنائیں گے۔انھوں نے یہ بات گلگت بلتستان کونسل اور قانون سازاسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دیگر انتظامی امور کیلیے 2ارب روپے کی ابتدائی امداد کا اعلان کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو رقم فوری جاری کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے ہاتھوں پاکستان میں جمہوری عمل کو جو تقویت ملی ہے اس کو دوام بخشاجائے،انھوں نے یقین دلایاکہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پرویزاشرف کاکہنا تھا کہ قراقرم ہائی وے پر مسافروں کی حفاظت کیلیے فرنٹیئر کانسٹیبلری، جی بی اسکائوٹس اور پولیس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں اور ان کو تمام ضروری سہولتیں مہیاکی گئی ہیں، شاہراہ پر سفر محفوظ بنانے کیلیے خیبر پختونخوا حکومت کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے 2 روزہ دورہ کے پہلے روز ہنزہ نگر کا دورہ کیا 'اس دوران انھوں نے مختلف منصوبوں کاافتتاح کیا، وزیراعظم کا گلگت بلتستان پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیا ، وزیراعظم نے عطاآباد کے علاقے میں پچیس کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاجبکہ قراقرم ہائی وے کے 335 کلومیٹرپر مشتمل رائے کوٹ تاخنجراب سیکشن کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہراہوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، ان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں