انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے ایفیڈرین کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے حنیف عباسی سمیت 8 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج اختر بہادر نے ایفیڈرین کا کوٹہ حاصل کرکے اسے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے مقدمے کی سماعت کی اس موقع پر مقدمے کے تمام آٹھوں ملزمان عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے سماعت کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے حنیف عباسی اور ان کے بھائی باسط عباسی سمیت آٹھوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف قائم کردہ مقدمہ انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہے جبکہ اے این ایف نے عدالت میں جو بیان جمع کرایا اس میں تسلیم کیا گیا تھا کہ ہم نے ایفیڈرین کوٹے کا درست استعمال کیا تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
عدالت نے سماعت 12 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے تمام 10 گواہان کو آئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے خلاف 30 جولائی 2012 کو 500 کلو گرام ایفیڈرین کوٹہ حاصل کر کے اس کا غیر قانونی استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔