دوسرا ٹیسٹ جیت کر کارگردگی میں تسلسل نہ دکھانے کی شکایت کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں مصباح الحق

پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرلیتا ہےتو یہ قومی ٹٰیم کی آسٹریلیا کیخلاف 20سال بعد ٹیسٹ سیریزمیں پہلی کامیابی ہوگی


آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے کا ٹیم کے پاس اچھا موقع ہے اور اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم۔ فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کےکپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر نہ صرف سیریز جیتنا چاہتے ہیں بلکہ کارگردگی میں تسلسل نہ دکھانے کی شکایت کا بھی ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔


ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا، فتح حاصل کر کے لوگوں کی اس شکایت کو بھی دور کردیں گے کہ پاکستانی ٹیم کی کارگردگی میں تسلسل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کافی عرصے سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی اور سیریز جیتنے کا یہ ٹیم کے پاس اچھا موقع ہے اور اس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔


مصباح الحق نے بولرز کی کاگردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ میں فتح کا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے جنہوں نے سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کے میدان کی وکٹ پاکستانی ٹیم کے لیے مدد گار ہوگی اگرچہ یہاں کی وکٹ باؤنسی اور سخت ہے تاہم ٹیم اپنی پوری توانائی سے کھیلی تو ہمیں اس کا ایڈوانٹج حاصل ہوگا۔


آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ وہ اپنی کارگردگی سے پریشان نہیں اور نہ ہی ان پر کسی قسم کا دباؤ ہے کیونکہ انہیں خود پرمکمل اعتماد ہے کہ اپنی فارم جلد حاصل کر لوں گا اور اگر ٹیم نے اچھا کھیلا تو دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز بھی برابر کردیں گے۔ انہوں نےاس امید کا اظہار کیا کہ آسٹریلوی بیٹسمین اسپن کو بہتر انداز میں کھیلیں گے۔


واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے ابو ظہبی میں شروع ہورہا ہے جس میں پاکستان فتح حاصل کر کے سیریزجیتنے کے لیے پرامید جب کہ آسٹریلوی ٹیم پہلے میچ میں شکست کا انتقام لینے کےلئے بے تاب اور اگر پاکستان اس میچ میں فتح حاصل کرلیتا ہے تو یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 20 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں پہلی کامیابی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں