امن نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بچوں کے حقوق سے متعلق انعامات کی صورت میں ملنی والی 50 ہزا ڈالر کی رقم غزہ میں اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کے لیے عطیہ کردی ہے۔
سوئیڈن میں ورلڈز چلڈرنزپرائز حاصل کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ یہ رقم غزہ میں اسکولوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی جو فلسطینی بچوں کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ غزہ میں جاری جنگ سے وہاں بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور وہ انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں اس لیے اس وقت انہیں سب سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔
ملالہ یوسف زئی وہ پہلی لڑکی ہیں جنہوں نے نوبل انعام کےعلاوہ ورلڈز چلڈرن پرائز بھی حاصل کیا جب کہ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہیں یہ اعزاز ان کی خطرناک حالات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد پر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کی بحالی کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے کہا کہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے بڑی مہم چلائی جا رہی جس کے لیے 1.6 ارب ڈالر جمع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور اسی سلسلے میں ملالہ یوسف زئی نے 50 ہزار ڈالر غزہ کے بچوں کے لیے عطیہ کیے ہیں۔