سری لنکن ٹیم بھی ’تنازع‘ ساتھ لے کر بھارت پہنچ گئی

بورڈ سے ناراض کوچ کنٹریکٹ پر دستخط کیے بغیر آخری لمحات پر دورے کیلیے راضی

بورڈ سے ناراض کوچ کنٹریکٹ پر دستخط کیے بغیر آخری لمحات پر دورے کیلیے راضی۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
سری لنکن ٹیم بھی اپنے ساتھ 'تنازع' لے کر بھارت پہنچ گئی۔ پہلے ویسٹ انڈین کرکٹرز اپنے بورڈ کے ساتھ معاوضوں کے جھگڑے پر ٹور ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

اس وجہ سے بی سی سی آئی نے ہنگامی طور پرآئی لینڈرز کو پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کیلیے مدعو کیا، مگر اس بارکوچ مرون اتاپتو اپنے بورڈ سے ناراض ہوکر کنٹریکٹ پر دستخط کیے بغیر آخری لمحات پر دورے کیلیے راضی ہوئے۔ انھوں نے جاتے جاتے دھمکی بھی دی کہ اگر ان کی شرائط نہ مانی گئیں تو وہ اس سیریز میں ہیڈ کوچ کے بجائے اپنی سابق اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔


بورڈآفیشلز کا کہنا ہے کہ جب ہیڈ کوچ کیلیے اتاپتو کو کنٹریکٹ آفر کیا گیا تو اس میں ماہانہ 13 لاکھ تنخواہ، 150 لیٹرپٹرول، ٹور الاؤنس، بونس، موبائل فون، ماہانہ الاؤنس، انٹرنیٹ ڈونگل کی سہولت سے آراستہ لیپ ٹاپ اور پوری فیملی کیلیے میڈیکل انشورنس شامل تھا۔

انھوں نے اس پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے صرف کار الاؤنس کی جگہ کار دینے کا مطالبہ کیا جو منظور کرلیا گیا، مگر آخری لمحات میں اتاپتو نے نئے مطالبات پیش کردیے کہ انھیں 50 ہزار کی اضافی سفری سہولیات، برانڈ نیو مہنگی کار، 26 لاکھ روپے کا چھٹیوں کا پیکیج اور سال کے اختتام پر 10 فیصد انکریمنٹ بھی دیا جائے۔ ایس ایل سی کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ نئی شرائط پر بورڈ صدر جیانتھا دھرماداسا خوش نہیں ، اس معاملے کا جائزہ اب بھارتی ٹور کے اختتام پر لیا جائے گا۔
Load Next Story