پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے 12 کارندے پکڑ لئے

ملزمان نارتھ ناظم آباد کے کھنڈو گوٹھ اور مجاہد گوٹھ میں چھپے ہوئے تھے


Staff Reporter October 30, 2014
ناظم آباد سے سیاسی جماعت کا سیکٹر ممبر گرفتار، کورنگی سے 2 ملزم زیرحراست۔ فوٹو: فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے 12 کارندوں اور 2 زخمیوں سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آبادکے کھنڈو گوٹھ اور مجاہد گوٹھ کا محاصرہ کر کے علاقے میں آنے جانے والے راستوں پر پہرہ لگا دیا اور کسی کو بھی علاقے سے جانے یا آنے کی اجازت نہیں دی، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، ایس ایس پی نعمان صدیق نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

حراست میں لیے گئے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ،ملزمان کو تفتیش کے لیے خفیہ مقام پر رکھا گیا ہے جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، رینجرز نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کے بعد ایک شخص شکیل عرف بابا کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ذرائع نے بتایا کہ زیر حراست شخص کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور سابق سیکٹر ممبر بتایا جاتا ہے۔

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے قیوم آباد پل پر کارروائی کرتے ہوئے مقابلے میں ملزم بلال کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلی، زخمی ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

کورنگی پولیس نے 2 ملزمان کاشف اور منیر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور کورنگی صنعتی ایریا تھانے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی، نبی بخش پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم محمد اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں