سپریم کورٹ کا یکم دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کے تقررکا حکم

عدالت نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی 3 ماہ کی مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکومت و اپوزیشن کو آخری مہلت دے دی۔

مقررہ مدت کے بعد سپریم کورٹ کےجج کی بطور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر خدمات واپس لےلیں گے، چیف جسٹس۔ فوٹو: فائل

KARACHI:

سپریم کورٹ نے اپوزیشن لیڈر خورشید کی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے 3 ماہ مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے یکم دسمبر تک عہدے پر تقرری کا حکم دیا ہے۔



چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے 27 اکتوبر کو 3 ماہ کی مہلت کی درخواست بھی زیر غور آئی جبکہ خورشید شاہ کی جانب سے چوہدری اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ یکم دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جائے۔ اس موقع پراعتزاز احسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے پارلیمنٹ کے اندراورباہر کے معاملات غیر یقینی رہے ہیں جبکہ حکومت انتخابی اصلاحات میں مصروف ہے جہاں عدالت نے اتنا وقت دیا مزید دے دیا جائے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئین میں تقرری کے لیے 2 افراد کی مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے اس پراعتزاز احسن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تقرری کے طریقے پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے یہی وجہ ہے کہ وقت مانگ رہے ہیں جبکہ پارلیمانی کمیٹی کچھ عرصہ پہلے ہی بنی ہے اس لئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے 3 ماہ کا عرصہ لگے گا۔


دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگست 2013 سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہے اور اپوزیشن لیڈر پہلے فعال کیوں نہیں ہوئے، مقررہ مدت کے بعد سپریم کورٹ کےجج کی بطور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر خدمات واپس لےلیں گے کیوں کہ اس کی وجہ سے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن دونوں کا کام متاثر ہورہا ہے۔عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ادارے کو مستقل چیف الیکشن کمشنر کی ضرورت ہے تاکہ مستقل پالیسی بنائی جا سکے جبکہ مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری آئینی تقاضا ہے اس لئے مزید مہلت نہیں دے سکتے تاہم عدالت نے انتخابی اصلاحات سے قبل یکم دسمبر تک چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 14 اکتوبر کو کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے وفاق کو 2 ہفتوں کا وقت دیا تھا جبکہ جسٹس انور ظہیر جمالی بطور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی بھی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

Load Next Story