یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری سینچری بناکر نئی تاریخ رقم کردی

یونس خان 89 سال بعد آسٹریلیا کےخلاف مسلسل تیسری سینچری بناکر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بھی پہلےکھلاڑی بن گئے


ویب ڈیسک October 30, 2014
یونس کی پرفارمنس پر نہ صرف قومی بلکہ غیرملکی کرکٹرز نے بھی انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستانی بیٹنگ کے مرد بحران اور لیجنڈ بیٹسمین یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تین سیچریاں بنا کر نئی تاریخ رقم کردی جس پر انہیں دنیائے کرکٹ کے ستاروں کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یونس خان 89 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری سنچری اسکور کرنے والے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل 1925 میں انگلینڈ کے بیٹسمین ہربرٹ سٹ کلف نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا،یونس خان سے قبل دیگر3 پاکستانی کھلاڑی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں لیکن وہ بھارت اورویسٹ انڈیزکے خلاف تھا، مایہ نازبلے باز ظہیرعباس اور مدثرنذر نے بھارت جبکہ محمد یوسف نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا ۔ یونس کی اس پرفارمنس پر نہ صرف قومی کرکٹرز نے ان کی کارگردگی کو سراہا بلکہ عالمی کرکٹرز نے بھی دل کھول کر داد دی۔

انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹسمین مائیکل وان کا کہنا ہے کہ یونس خان نے شاندار کلاس کا مظاہرہ کیا اور وہ اس دور کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ہیں اور جو بیٹسمین بھی آسٹریلیا کے خلاف سینچری بناتا ہے انہیں اس سے پیار ہے، آسٹریلوی سابق بیٹسمین ڈین جونز کا کہنا تھا کہ یونس خان پاکستان کے عظیم بیٹسمین ہیں جب کہ آسٹریلوی بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس کارکردگی کا یونس خان نے مظاہرہ کیا وہ ایک عظیم کارنامہ ہے۔

سری لنکا کے سابق مڈل آرڈر بیٹسمین رسل آرنلڈ کا کہنا تھا کہ یونس خان نے آؤٹ اسٹینڈنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بھارتی مایہ ناز بلے باز وی وی لکشمن کا کہنا تھا کہ لگاتار 3 سنچریاں اسکور کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے،ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی بولنگ کے سامنے یونس خان کا لگاتار 3 سینچریاں کرنا ان کی ماسٹر کلاس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دوسری جانب محمد یوسف، عامر سہیل سمیت سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں نے بھی یونس خان کی کارکردگی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اس حوالے سے سعید اجمل نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان پر پورے پاکستان کو فخر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں