پاکستان میں داعش کی صورت میں نیا ہولناک خطرہ داخل ہوچکا ہے الطاف حسین

صادق آبادسےاسلام آباد تک داعش کےجھنڈےلگےہوئےہیں اگراس گروہ پرقابونہ پایا تو راونڈا کاقتل عام بھول جائیں گے،قائدمتحدہ


ویب ڈیسک October 31, 2014
پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف تاریخی جنگ لڑرہی ہے لیکن فوج ملک کو اکیلے نہیں بچا سکتی، الطاف حسین، فوٹو:فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے پہلے طالبانائزیشن کی نشاندہی کرنے پر میرا مذاق اڑایا گیا لیکن آج میری باتیں درست ثابت ہوئیں اور اب قوم کو ایک ایسے ہولناک خطرے سے آگاہ کررہا ہوں جو داعش کی صورت میں ملک میں داخل ہوچکا ہے۔

کراچی میں ایم کیوایم کےمرکز نائن زیرو پر لندن سے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ جب میں نے سچ باتوں کی نشاندہی کی تو انہونی لگتی تھیں، میری باتوں کو ناقابل عمل سمجھا گیا،سب سے پہلے کراچی میں طالبان کی نشاندہی کی اور 10 سال سے طالبانائزیشن پر چلاتا رہا لیکن اس وقت بھی وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے بڑے رہنماؤں نے میرا مذاق اڑایا جب کہ اس وقت کے وزیراعظم اور صدر نے میری باتوں کی نفی کردی۔

الطاف حسین نےکہا کہ کہ آج میری باتیں درست ثابت ہوچکی ہیں جس کےبعد قوم کو ایک ایسے خطرے سے آگاہ کررہا ہوں جس سے اکثریت کو علم نہیں ہے، پاکستان میں داعش کی صورت میں ایک نیا ہولناک خطرہ داخل ہوچکا ہے جو القاعدہ اور طالبان سے زیادہ خطرناک ہیں، طالبان کے لوگ انہیں چھوڑ کر داعش میں داخل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھیں کھول کر دیکھا جائے تو صادق آباد سے اسلام آباد تک داعش کے بے پناہ جھنڈے لگے ہوئے ہیں لہٰذا اس سے متعلق عوام میں شعور بیدار کیا جائے اگر اس بڑھتے ہوئے گروہ پر قابو نہ پایا گیا تو راونڈا کا قتل عام بھول جائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف تاریخی جنگ لڑرہی ہے لیکن فوج ملک کو اکیلے نہیں بچا سکتی، ہم سب کو غیر مشروط طور پر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوکر ان کا ساتھ دینا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں