جی میل بند ہونے کو ہے

گوگل کمپنی ای میلز کے لیے نئی ایپلی کیشن متعارف کرائے گی


November 02, 2014
گوگل کمپنی ای میلز کے لیے نئی ایپلی کیشن متعارف کرائے گی۔ فوٹو : فائل

GILGIT: کیا آپ نے گوگل کی ای میل سروس جی میل پر اپنا اکاؤنٹ بنا رکھا ہے اور یہ میل ایڈریس آپ کے رابطوں کا ذریعہ ہے، جس پر آپ نے اپنی میلز محفوظ کی ہوئی ہیں، تو ہوشیار ہوجائیے، ہوسکتا ہے جی میل بند ہوجائے۔

اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ خبروں کے مطابق گوگل کمپنی ''ان باکس'' کے نام سے ای میلز کے لیے اپنی ایپلی کیشن ازسرنو لاؤنچ کرے گی۔ اس نئی ایپلی کیشن کا مقصد یہ امر یقینی بنانا ہے کہ بہت ساری ای میلز کے ہجوم میں اہم ای میلز نظروں سے اوجھل نہ ہونے پائیں۔

گوگل نے فی الحال تو اپنے کچھ صارفین کو تجرباتی بنیاد پر اس نئی سروس کو استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن سوشل میڈیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ''ان باکس ایپلی کیشن'' آگے چل کر جی میل کی جگہ لے سکتی ہے۔

اس حوالے سے گوگل کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدے دار کا کہنا ہے کہ جی میل کے بعد یہ ایپلی کیشن ہمارے لیے ایک بڑی تبدیلی ہوگی اور ہم اس پر بہت خوش ہیں۔

ان باکس ایپ صارفین کو موصول ہونے والے اہم ای میل پیغامات، مثال کے طور پر فلائٹ ٹکٹس کی معلومات، تصاویر اور اہم تقریبات کے بارے میں اطلاعات نمایاں حروف میں پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ ان باکس کے ذریعے صارفین کو یہ سہولت بھی حاصل ہوجائے گی کہ وہ اپنے اہم کاموں کی یاددہانی کے نوٹس دیکھ سکیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ایپلی کیشن کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی، کیوں کہ آج کل ای میل کی بھرمار ہوتی ہے اور اتنی غیرضروری ای میلز آتی ہیں کہ اکثر اہم اور ضروری نوعیت کی ای میلز ہماری نظروں سے اوجھل ہوجاتی ہیں، خصوصاً جب ہم موبائل فون پر ای میلز چیک کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسا ہونا کبھی کبھی نقصان دہ بھی ثابت ہوتا ہے۔

دیکھنا یہ ہے کہ گوگل کی نئی ایپلی کیشن ان باکس صارفین کے لیے کس حد تک فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور جی میل پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔