8محرم الحرام کی مجالس حساس مقامات پر سیکیورٹی کیلیے16ہزار پولیس اہلکار تعینات

610 سے زائد مجالس،160جلوسوں سمیت وعظ و محافل کی حفاظت کیلیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں،آئی جی سندھ


Staff Reporter November 02, 2014
جلوسوں کے روٹس کے مختلف مقامات پر پولیس ایمرجنسی کیمپس قائم کیے جائیں، آئی جی سندھ۔ فوٹو:فائل

آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کرائسز ، پوسٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے تحت کرائسس رسپانس ٹیموں کی تشکیل میں پولیس کمانڈوزسمیت تھانہ پولیس ، ریزرو پلاٹون کے افسران اور جوانوں کی تعیناتی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

محرم کے جلوسوں کے راستوں پر منتخب کردہ مقامات پر ایمبولینس ،فائربریگیڈ کی گاڑیوں ،ٹوچن گاڑیوں کی موجودگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے مشترکہ انسدادی اقدامات کو موثر بنایا جا سکے،آئی جی سندھ8 محرم الحرام کی مجالس اورجلوسوں کے لیے پولیس کی جانب سے تیارکردہ ہنگامی منصوبے کے تحت پولیس کی تعیناتی پر مشتمل ایک رپورٹ کا جائزہ لے رہے تھے،انھوں نے کہا کہ تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات،جلوسوں کے اجتماعات اورگزرگاہوں پر سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے،تھانوں کی سطح پر ہوٹلوں، مسافر خانوں،گیسٹ ہاؤسز میں قیام کرنے والوں کے کوائف کی تصدیق اور شناخت کے جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اورموثر بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کے مختلف مقامات پر پولیس ایمرجنسی کیمپس قائم کیے جائیں۔

روٹس پر قائم سبیلوں اور میڈیکل کیمپس کے اطراف میں کڑی نگرانی کے ضمن میں پولیس اہلکاروں کی باقاعدہ بریفنگ کو بھی یقینی بنایا جائے،کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق 8 محرم الحرام کو610 سے زائد مجالس، 160 جلوسوں سمیت سنی مکتبہ فکر کے35 سے زائد وعظ و محافل اور15سے زائد برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے16ہزار 613سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے، واضح رہے کہ شہر کے ہوٹلوں میں تلاشی کاسلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے قریب قائم ہوٹلوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔