آسٹریلیاکا حشر دیکھ کر نیوزی لینڈ کو اپنی فکر لگ گئی

گرین کیپس ملک میں نہ ہونے کے باوجود اپنی پسندیدہ کنڈیشنز سے لطف اندوز ہورہے ہیں، شین بونڈ


AFP November 02, 2014
پاکستان اور نیو زی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے شروع ہوگا۔ فوٹو : فائل

ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کا حشر دیکھ کر کیویز کو اپنی فکر پڑگئی۔ نیوزی لینڈ کے بولنگ کوچ شین بونڈ کہتے ہیں کہ پاکستان سے سیریز ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگی، گرین کیپس ملک میں نہ ہونے کے باوجود اپنی پسندیدہ کنڈیشنز سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 9 نومبر سے ابوظبی میں ہوگا،اس وقت پاکستان کے خلاف 2ٹیسٹ کی سیریز میں آسٹریلیا کی حالت دیکھ کر نیوزی لینڈ کی پریشانی بڑھ گئی ہے، بولنگ کوچ شین بونڈ نے کہاکہ یہ ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا، ہمار ایک سال فیلڈ میں کافی اچھا گزرا جبکہ میزبان ٹیم بھی اچھا کھیل رہی ہے، ہمیں اسکے ساتھ مقابلے سے علم ہوگا کہ بطور ٹیم کہاں کھڑے ہیں اور مستقبل میں ہمیں مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مشکل ٹیم رہی اور اپنے ملک میں نہ ہونے کے باوجود وہ پسندیدہ کنڈیشنز میں کھیل رہی ہے،جہاں اس کا سامناکرنا کافی مشکل ہوگا، پاکستانی ٹیم میں چند نوجوان لڑکے بھی شامل ہوگئے جنھیں ہم زیادہ نہیں جانتے ہیں، ہم یہاں پر تازہ دم پہنچے ہیں جبکہ پاکستان آسٹریلیا کیساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیل رہا ہے، اس طرح ٹیم لگاتار اس طرز کے پانچ میچز میں حصہ لے گی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوسرا ٹیسٹ دبئی میں 17 نومبر سے شروع ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 26 نومبر سے شارجہ میں شیڈول ہے۔ کیویز کے پاکستان اے سے تین روزہ ٹور میچ کا بدھ سے آغازہوگا، شین بونڈ نے مزید کہا کہ ہمارے لیے اچھی بات یہ ہے کہ آسٹریلیا سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، انھوں نے پاکستانی اٹیک سے بچنے اور ان پر اٹیک کرنے کیلیے جو تجربات کیے وہ ہمارے بھی کافی کام آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔