10 عادات۔۔۔ جو آپ کی جلد کو متاثر کر رہی ہیں

بہت سی عادات ہم اچھی جان کر کر رہے ہوتے ہیں، جب کہ کچھ سے ہم غافل ہوتے ہیں


Munira Adil November 02, 2014
بہت سی عادات ہم اچھی جان کر کر رہے ہوتے ہیں، جب کہ کچھ سے ہم غافل ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

تادیر جوان نظر آنا ہر خاتون کی ہی خواہش ہوتی ہے۔ عموماً خواتین ان وجوہات سے بچنے کی کوشش کرتی ہیں، جو انہیں وقت سے پہلے بوڑھا کر دیں۔ مثلاً ناکافی نیند، تمباکو نوشی یا جلد کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا وغیرہ، لیکن کچھ عادات ایسی بھی ہیں جو براہ راست ہماری جلد کو متاثر کرتی ہیں۔ ان میں سے بہت سی عادات ہم اچھی جان کر کر رہے ہوتے ہیں، جب کہ کچھ سے ہم غافل ہوتے ہیں۔

بار بار صابن سے منہ دھونا

چہرے کی صفائی بے حد ضروری ہے۔ بالخصوص جب آپ باہر سے گھر لوٹیں، تو لازمی طور پر اپنے چہرے کو اچھی طرح صابن سے ضرور دھولیں، تاکہ باہر جانے کے باعث دھول مٹی سے متاثر ہونے والی جلد صاف ہو سکے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دن میں دو دفعہ سے زیادہ صابن سے منہ دھویا جائے، تو ایسا کرنا بعض صورتوں میں آپ کی جلد کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس ضمن میں صابن کی خصوصیات اور آپ کی جلد کا مزاج اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اسٹرا (STRAW) کا بکثرت استعمال

بہت سی خواتین اسٹرا (STRAW) سے مشروبات پینا پسند کرتی ہیں۔ عموماً دفتری اوقات کے دوران اکثر خواتین جو س یا کولڈرنک اسٹرا سے ہی پیتی ہیں۔ اگر یہ مسلسل عادت بن جائے، تو ہونٹوں کے گرد شکنوں کا سبب بنتی ہے اور کم عمری میں چہرے پر پڑنے والی یہ شکنیں زائد عمر کی ایک علامت محسوس ہوتی ہیں۔

وزن کی حد سے زیادہ کمی

وزن کم کرنے اب ایک جنون کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ وزن کم کرنا صحت مندی کی جانب گام زن ہونا ہے، مگر حد سے زیادہ وزن کم کرنا یا بار بار وزن بڑھانا اور پھر کم کرناجلد کی لچک کو ختم کر دیتا ہے اور یہ جلد ڈھلک جاتی ہے اور یوں خواتین وزن کم کرنے کے باوجود بھی قبل از وقت بوڑھی دکھائی دینے لگتی ہیں۔

عینک سے نہ گھبرائیں

بہت سی خواتین نظر کا چشمہ لگانے سے گریز کرتی ہیں۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ اس سے آنکھوں کے درمیان نشان پڑ جاتا ہے۔ انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ عینک ہمیں عمر سے بڑا دکھاتی ہے، اس لیے وہ مسلسل اس سے گریز کرتی ہیں اور کمزور نظر کی بنا پر بار بار آنکھیں سکیڑنے سے ان کی آنکھوں کے اردگرد کی جلد جھریوں زدہ سی لگنے لگتی ہے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ نظر کمزور ہو تو فوری طور پر نظر کے چشمے سے استفادہ کریں۔ رہی بات بڑی عمر کے لگنے کی، تو یقین جانیے ایسا نہیں ہے۔ بازار میں ایسے دل فریب اقسام کے چشمے دست یاب ہیں، جن کے ذریعے آپ اپنی شخصیت کو چار چاند لگا سکتی ہیں۔ اس کا مسلسل استعمال آپ کے چہرے پر کوئی نشان چھوڑتا ہے اور نہ ہی یہ آپ کو آپ کی عمر سے زیادہ دکھاتا ہے۔

سورج کی شعائیں

سورج کی براہ راست شعاعیں آپ کی جلد پر خاصی اثر انداز ہوتی ہیں۔ چاہے آپ پیدل سفر کرتی ہوں یا ڈرائیونگ کرتی ہوں۔ ڈرائیونگ کے دوران بھی شیشے سے سورج کی کرنیں آپ کے ہاتھوں، بازوؤں وغیرہ کو متاثر کرتی ہیں۔ لہٰذا دفتر یا کالج وغیرہ آتے جاتے دوپٹے یا اسکارف کا اس طرح استعمال کریں کہ چہرے کو ڈھانپ دیں یا کم از کم چہرے پر براہ راست سورج کی شعائیں نہ پڑیں۔ ہاتھوں کے لیے سوتی دستانوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ گھر کے بنے ہوئے ماسک بھی سورج کی شعاعوں سے متاثرہ جلد کی رنگت کو بحال کرنے میں خاصے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ دفتر یا کالج سے گھر واپسی کے بعد تھوڑے سے بیسن کے آٹے میں دودھ اور لیموں کا رس ملا کر گاڑھا پینٹ لگالیں چہرے، گردن پر مل لیں چند منٹ سوکھنے دیں، پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں یہ چہرے کی رنگت کو صاف کر دے گا۔

جب ہیٹر استعمال کریں

جاڑوں کی آمد آمد ہے اور اکثر گھروں میں ہیٹر کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، ہیٹر کی گرمی ہماری جلد کی نمی ختم کر دیتی ہے، لہٰذا رات سوتے وقت ہیٹر کو بند کر دیا جائے یا درجہ حرارت کم کر دیا جائے اس کے علاوہ مسہری کے ساتھ میز پر پانی کا گلاس یا جگ رکھ دیا جائے، تو وہ بھی کمرے میں نمی برقرار رکھنے میں معاون ہوگا۔

پانی پینا نہ بھولیں

سردیوں میں عموماً پیاس نہیں لگتی اور کئی دفعہ ہم دن بھر پانی نہیں پیتے، پانی نہ پینا صحت کے لیے نقصان دہ ہے یہ جلد کو خشک اور روکھا کر دیتا ہے۔ پانی جلد کی نمی برقرار رکھنے کے ساتھ جلد میں تازگی اور چمک پیدا کرتا ہے اور جلد کے امراض سے دور رکھتا ہے۔

نمک کا زیادہ استعمال

نمک یا نمکین کھانوں کا زیادہ استعمال بھی جلد کو بے رونق اور خشک کر دیتا ہے۔ لہٰذا زیادہ نمک والے کھانوں سے گریز کریں اور کھانے کی صورت زیادہ پانی پیئں اور جلد پر کوئی لوشن یا کریم لگالیں۔

آرام دہ تکیہ

سوتے وقت جب ہم کروٹ لیتے ہیں، تو تکیے کی سلوٹوں کی وجہ سے ہمارے چہرے پر نہایت گہرے نشان پڑ جاتے ہیں۔ یہ نشانات ہماری جلد کو متاثر کرتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ کا تکیہ آرام دہ ہو اور اس پر نرم ریشمی غلاف ہو۔

چائے اور کافی

چائے اور کافی دن بھر میں ایک سے دو پیالی سے زیادہ استعمال نہ کریں۔ کیفین ہماری جلد کے لیے مضر ثابت ہوتی ہے اور چائے کافی کے عادی افراد کو دو پیالی چائے یا کافی کے درمیان زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں