گلشن اقبال سلنڈر پھٹنے سے دکان میں آتشزدگی 10 افراد جھلس گئے

آتشزدگی کے نتیجے میں دکان کے مالک اور ملازمین سمیت10 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جن میں سے3کی حالت تشویشناک ہے۔

آگ لگنے کی وجہ گیس لیک ہونا بتائی جاتی ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہے، فوٹو: ایکسپریس

گلشن اقبال13/Dمیں ایل پی جی گیس کی دکان میں4 سلنڈر یکے بعد دیگرے دھماکے سے پھٹ گئے جس کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی کے نتیجے میں دکان کے مالک اور ملازمین سمیت10 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جن میں سے3کی حالت تشویشناک ہے۔

دکان کے قریب کھڑی5 موٹر سائیکلیں اور2 رکشے مکمل طور پر جل گئے ، آتشزدگی سے ایک گدھا بھی جل گیا ، دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا،فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا،آگ لگنے کی وجہ گیس لیک ہونا بتائی جاتی ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہے، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13/D وقاص مارکیٹ میں واقع شان پکوان سینٹر سے متصل منشا ایل پی جی کی دکان میں ایک سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی آگ لگنے کے بعد مزید3سلنڈر یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔


دھماکوں کی آواز دور تک سنی گئی علاقے میں خوف ہراس پھیلنے پر مکین گھروں سے باہر نکل آئے، پولیس، رینجر اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسیں بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں سے زخمیوں کی طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ پہنچایا گیا، ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر شبیر خان اعوان نے بتایا کہ زخمیوں میں دکان کا مالک30 سالہ بشارت ولد منشا مسیح اور وہاں موجود دکان کے 3ملازمین سمیت دیگر9 افراد جس میں25 سالہ محمد حسین ولد بشیر حسین، 40 امتیاز حسین ولد فیض حسین ،15محمد فیصل ولد محمد یامین، 20 محمد افضل ولد عبد الرشید، 26 محمد موسیٰ ولد محمد اشرف، 35 محمد اشتیاق ولد محمد اسحاق، 20 سالہ سلطان ولد محمد یوسف، 16عثمان ولد وکیل اور20 افتخار ولد نذیر جھلس کر زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے محمد فیصل، عثمان اور بشارت کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، دھماکے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں منشا ایل پی جی شاپ مکمل طور پر تباہ ہوگئی جہاں دکان کے سامنے کھڑی 5 موٹر سائیکلیں اور2 رکشے بھی جل کر تباہ ہو گئے جبکہ ایک گدھا بھی جھلس کر زخمی ہوگیا، فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق اتوار کو دوپہر3 بجے سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر گلشن اقبال فائر بریگیڈ سینٹر سے2 فائر ٹینڈر روانہ کیے گئے تھے، فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدو جہد کے بعد شام 5 بجے آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا اور مزید دکانوں کو جلنے سے بچالیا،آگ لگنے کی وجہ گیس لیکیج بتائی جاتی ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
Load Next Story