ملک بھر میں یوم عاشور کل انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائیگا

تمام بڑے شہروں میںموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔

چھوٹے بڑے شہروں میں ہزاروں تعزیتی جلوس برآمد ہونگے،54اضلاع میں فوج تعینات ہوگی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کل (منگل) کویوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ہزاروں تعزیتی جلوس برآمد ہونگے،10محرم کی رات کوشام غریباں اور خصوصی محافل کا انتظام کیا جائے گا۔

ملک بھرمیں محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،تمام بڑے شہروں میںموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رہے گی،54اضلاع میں فوج،ایف سی اور رینجرز تعینات ہوگی، وفاقی دارلحکومت میںسیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے داخلی و خارجی راستوںپر کنٹینرز لگا کر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی، وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔ اسلام آباد میں9، 10 اور 11 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔


راولپنڈی میں جلوس کے راستوں پرموبائل فون سروس بند رہے گی۔ 54 اضلاع میں فوج ، رینجرز اور ایف سی کے 32 ہزار 695 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر3 روز کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔ ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں کنٹنیر رکھ کرٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ پریڈی اسٹریٹ اور ایمپریس مارکیٹ میں دکانیں سیل کردی گئیں۔ مرکزی جلوس کی گزر گاہوں پر رہنے والوں کا ڈیٹا مرتب کرلیا گیا ہے۔

سادہ لباس اہلکار بھی سیکیورٹی کے لیے تعینات رہیں گے۔ لاہورمیں بھی 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ پنجاب میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 35ہزار افسر اور اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج کی 55 اور رینجرز کی 28 کمپنیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں گی۔

خیبر پختونخوا میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان ، ہنگو اور ٹانک کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ایبٹ آباد ، کوہاٹ ، گلگت ، اسکردو اور استور میں بھی موبائل فون سروس بند رہیگی۔ کوئٹہ میں داخلی اور خارجی راستوں پر 71 چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ساڑھے 5 ہزار پولیس اور ڈھائی ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج بھی الرٹ رہے گی ، 10 محرم کو شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ 54 حساس اضلاع میں ہیلی کاپٹروں سے نگرانی ہوگی۔
Load Next Story