پختونخوا میں پی ٹی آئی کے اتحادی مگر سیاسی طور پر آزاد ہیں سراج الحق

جب بھی سیاسی لوگ آپس میں لڑتے ہیں توملک پرمارشل لا آگیا اور آئین ختم ہوگیا، امیر جماعت اسلامی


INP November 03, 2014
پاکستان ہم سب کا ہے اور درست مشورہ دینا ہمارا فرض ہے، سراج الحق۔ فوٹو: آئی این پی

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ صرف خیبر پختونخوا کی حکومت میں ہم اتحادی ہیں، ملکی اور سیاسی طور پر دونوں پارٹیاں آزاد اور خودمختار ہیں۔

اسلام آباد میں بحران برپا ہے، بحران کو کسی بڑے حادثے میں تبدیل ہونے سے بچالیا، جب بھی سیاسی لوگ آپس میں لڑتے ہیں توملک پرمارشل لا آگیا اور آئین ختم ہوگیا، بنگلہ دیش میں پاکستان کی حمایت پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسی کی سزائیں دی جارہی ہیں لیکن حکومت پاکستان بالکل خاموش ہے،بنگلہ دیش حکومت پر دباؤ ڈال کر سزائیں واپس لینے پر مجبور کیا جائے، غلط نظام کی جگہ دوسراغلط نظام نہیں چاہتے، اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔

جماعت اسلامی کے اجتماع میں غیرمسلموں، کمیونسٹ اور سوشلسٹ تنظیموں کوبھی دعوت دی ہے،محرم کا مہینہ ہمیں اتحادواتفاق کا درس دیتا ہے، یہ مہینہ ظلم کیخلاف بغاوت اور جدوجہد کا بھی درس دیتا ہے۔ المرکز اسلامی میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت اورپی ٹی آئی دونوں مذاکرات چاہتے ہیں لیکن مذاکرات میڈیاکے ذریعے نہیں بلکہ میزپرکیے جاتے ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور درست مشورہ دینا ہمارا فرض ہے،حکومت نے اب تک مذاکرات میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور نہ ہی اس سلسلے میں کچھ اقدامات کیے ہیں۔

انتخابی اصلاحات کیلیے کمیٹی تشکیل دی گئی،بہترہوتاکہ اس کاسربراہ اپوزیشن سے لیا جاتا،اصلاحات کے حوالے سے اب تک کوئی کارکردگی نہیں ہوئی،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات میں متناسب نمائندگی کا طریقہ کار اختیار کیاجائے،اس سے پارٹیاں اورملک بڑے بڑے سرمایہ داروں اورجاگیرداروں کے دباؤ سے آزاد ہوجائے گا۔

انھوں نے کہاکہ آنکھیں بندکرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے،ملک پر مارشل لاکے سائے لہرا رہے تھے، 14اگست کو ہماری کوششوں سے لاہورخون رنگ ہونے سے بچ گیا،ہم نے حکومت کومجبورکیاکہ راستے کھول دیے جائیں،اب بھی ڈیڈلاک کے خاتمے کیلیے ضروری ہے کہ سنجیدگی سے مذاکرات کیے جائیں، ملک پراستحصالی نظام رائج ہے،ہر جگہ لوگ پریشان ہیں،ان کی آنکھوں میں غصہ ہے،پاکستان سیاسی،معاشی، توانائی اور مہنگائی کے بحران کاشکارہے،میں نے چاروں صوبوںکادورہ کیا،پورے ملک میں لوگ محرومیوں کا شکار ہیں۔امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ 21نومبر سے مینارپاکستان کے سائے تلے ایک دفعہ پھرعوامی جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں