عراق بم دھماکا 13شہری جاں بحق داعش نے 3 دنوں میں 258 افراد کو ہلاک کردیا

دارالحکومت بغداد کے جنوب مغربی علاقے میں کار بم دھامکہ کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے

عراقی صوبہ انبار میں داعش کے جنگجوئوں نے پچھلے 3 دنوں میں 258 عراقی قبائلیوں کو قتل کردیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

عراق میں کار بم دھماکا کے نتیجے میں13 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوگئے جبکہ داعش کے جنگجوئوں نے 3 دنوں میں البو نمر قبائل کے 258 افراد کو قتل کردیا، شام اور عراق میں داعش دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری جاری۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بغداد کے جنوب مغربی علاقے العلام میں شہری محرم کے حوالے سے چائے اور پانی تقسیم کررہے تھے کہ زور دار کار بم دھماکا ہوگیا جس میں 13افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ عراقی حکومت نے عاشورہ کے موقع پرکربلا کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے 32 ہزار اہلکار تعینات کردیے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق عراقی صوبہ انبار میں داعش کے جنگجوئوں نے پچھلے 3 دنوں میں 258 البو نمر عراقی قبائلیوں کو قتل کردیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔


عراقی کرد فورسز پیش مرگہ کے اہلکاروں نے کوبانی میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف باقاعدہ لڑائی شروع کر دی ہے۔ یہ بات کوبانی کے ایک اعلیٰ اہلکار ادریس نیسن نے بتائی ہے۔ نیسن کے بقول پیش مرگہ کے فوجی بھاری اسلحے سے لیس ہیں اور یہ حقیقت لڑائی میں اہم ثابت ہو گی۔ القاعدہ سے منسلک گروپ النصرہ فرنٹ نے شامی صوبے ادلیب میں متعدد دیہاتوں پر قبضہ کرلیا۔ عراقی کرد فورسز پیش مرگہ نے شامی شہر کوبانی میں مورچے سنبھالنے شروع کر دیے ہیں۔

داعش نے صوبہ صلاح الدین میں جبر قبائل کے درجنوں افراد کو اغوا کرلیا۔ شام اور عراق میں امریکی جنگی طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ ایک انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق رواں سال شام کی مختلف جیلوں میں تشدد، بھوک اور طبی سہولتوں کی کمی کی وجہ سے 2 ہزار افراد ہلاک ہوگئے جن میں27 بچے اور 11 خواتین شامل ہیں۔ یونیسکو نے عراق میں تاریخی ثقافتی ورثے کی تباہی کی شدید مذمت کی ہے۔
Load Next Story