سندھ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہوسکی

ڈیزل کی قیمت 93 روپے فی لیٹر تک لائی جائے پھر کرایہ کم کردیں گے، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد

حکومت صرف عوام دوستی کے نعرے لگاتی ہے، اقدام عوام دشمنی پر مبنی ہوتے ہیں، شہری۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی غفلت کے باعث کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہوسکی۔


کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا موقف ہے کہ ڈیزل کی قیمت کم کرکے 93روپے تک لائی جائے پھر پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ کم کریں گے، تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیاگیا تاہم پبلک ٹرانسپورٹ اور انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں کمی پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے یکم نومبر سے پٹرول کی قیمت میں 9روپے سے زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے سے زائد کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے فوری بعد لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کردی گئی تاہم سندھ میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ممتاز جاکھرانی کی عدم دلچسپی کے باعث عوام کو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا ریلیف نہیں مل سکا، شہریوں کے مطابق موجودہ حکومت عوام دوستی کا نعرہ ضرور لگاتی ہے تاہم اقدامات سارے عوام دشمنی پر مبنی ہوتے ہیں، ماضی میں جب سی این جی کی قیمت پر30روپے فی کلو کمی کی گئی تھی تو اس وقت بھی سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اختر جدون کی عاقبت نااندیشی کے باعث عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا تھا۔
Load Next Story