قائد اعظم ٹرافی واپڈا بدستور پہلی پوزیشن پر قابض

3 فتوحات پانے والے یوبی ایل کا دوسرا نمبر، سوئی گیس تیسرے درجے پر براجمان۔


Sports Desk November 04, 2014
ٹورنامنٹ کا پانچواں مرحلہ اتوار سے ملک کے مختلف میدانوں میں شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: قائد اعظم ٹرافی میں واپڈا 4 فتوحات کیساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہے۔

یوبی ایل 3 کامیابیوں کے بعد دوسرے اور سوئی گیس اتنے ہی میچ جیت کر تیسرے نمبر پر براجمان ہے، اب تک کھیلے گئے چار راؤنڈز میںکراچی ڈولفنز کے فضل سبحان 500 رنز کے ساتھ بیٹنگ میں سب سے آگے ہیں،واپڈا کے محمد علی نے 32 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، دوسری طرف سلور لیگ گروپ ون میں کے آر ایل نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے، گروپ ٹو میں حبیب بینک سب سے آگے ہے، پانچوں مرحلے کاآغاز اتوار سے ملک بھر میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ملک کے مختلف میدانوں پر جاری ہے، تاریخ میں پہلی بار ریجنل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے ایک ساتھ ہونے والے ایونٹ کے اب تک 4 راؤنڈز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں واپڈا کی ٹیم نے تمام میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے، ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 35 ہے۔

یونائیٹڈ بینک کی ٹیم نے4 میں سے 3 کامیابیاں حاصل کررکھی ہیں، ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 29 پوائنٹس کے ہمراہ دوسرے نمبر پر موجود ہے، سوئی نادرن گیس نے بھی اتنے ہی میچ جیتے لیکن اس کے پوائنٹس 24 ہونے کی وجہ سے اسے تیسری پوزیشن ملی، پورٹ قاسم 3 فتوحات کے ساتھ 24 پوائنٹ لے کرچوتھی بہترین ٹیم ہے، نیشنل بینک پانچویں، چھٹی پوزیشن پر موجود کراچی ڈولفنز کی ٹیم نے ایک کامیابی حاصل کی، اسلام آباد لیپرڈزساتویں، زیڈ ٹی بی ایل آٹھویں، راولپنڈی ریمز نویں، پشاور پینتھرزدسویں، لاہور لائنزگیارہویں اور ملتان ٹائیگرز آخری نمبر پر ہیں۔

گولڈ لیگ میں اب تک کے مقابلوں میں کراچی ڈولفنز کے فضل سبحان نے ایک ڈبل سنچری کے ساتھ سب سے زیادہ 500 رنز بنا رکھے ہیں، انھوں نے سب سے بڑی 207 رنز کی انفرادی اننگز بھی کھیلی ہے، واپڈا کے عدنان رئیس نے دو سنچریوں کی بدولت 389 رنز بنائے، پورٹ قاسم کے خرم منظور359 اسکور کے ہمراہ تیسرے بہترین بیٹسمین ہیں، بولنگ میں واپڈا کے محمد علی نے 4 میچوں میں 32 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، واپڈا ہی کے وقاص مقصود 26 وکٹیں لے چکے ہیں، اسلام آباد لیپرڈز کے شہزاد اعظم نے بھی اتنی ہی وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، پورٹ قاسم کے محمد سمیع نے 4 میچوں میں 22 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسری طرف سلور لیگ میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیم گروپ ون میں تمام میچ جیت کر پہلے نمبر پر رہے۔

پی آئی اے نے بھی سارے مقابلوں میں کامیابی سمیٹی لیکن ایک پوائنٹ کم ہونے کی بنا پر اس کا دوسرا نمبر ہے، پی ٹی وی کی ٹیم 3 فتوحات کے بعد تیسرے، حیدر آباد ہاکس چوتھے، لاہور ایگلز پانچویں اور کوئٹہ بیئرز آخری نمبر پر ہیں۔ گروپ ٹو میں حبیب بینک نے 3 میچ جیت کر 32 پوائنٹس اپنے نام کیے، سوئی سدرن گیس 25 پوائنٹ کے ہمراہ دوسرے اور اسٹیٹ بینک 18 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے پوزیشن پر ہیں، ایبٹ آباد فالکنز، بہاولپور اسٹیگز، فیصل آباد وولفز اور سیالکوٹ اسٹالینز نے ابھی تک کھاتہ نہیں کھولا ہے، سلور لیگ میں اب تک کھیلے گئے مقابلوں میں سوئی سدرن کے اویس ضیا 2 سنچریوں کی مدد سے 285 رنز بناکر نمایاں ہیں، سیالکوٹ کے عتیق الرحمان 367 کے ہمراہ دوسرے نمبر پرہیں،سیالکوٹ کے ہی فیصل خان نے 353 رنز بنا رکھے ہیں۔بولنگ میں پی ٹی وی کے محمد عباس نے 30 وکٹیں اپنے نام کیں۔

کے آر ایل کے صدف حسین نے 24 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ یادرہے کہ ٹورنامنٹ کا پانچواں مرحلہ اتوار سے ملک کے مختلف میدانوں میں شروع ہوگا، گولڈ لیگ میں لاہور لائنز قذافی اسٹیڈیم میں پورٹ قاسم کی میزبانی کریں گے، ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں میزبان لیپرڈز اور واپڈا کی ٹیم مدمقابل آئیں گی،کراچی ڈولفنز اور نیشنل بینک کا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، پشاور پینتھرز اور زیڈ ٹی بی ایل ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں میزبان ریمز اور سوئی نادرن گیس کا مقابلہ شیڈول ہے۔ سلور لیگ میں کراچی زیبراز اور حیدر آباد ہاکس یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی جبکہ خان ریسرچ لیبارٹریز اور پی ٹی وی کے آر ایل گراؤنڈ راولپنڈی میں ٹکرائیں گے، لاہور ایگلز اور کوئٹہ بیئرز کا سامنا ایل سی سی اے میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں