کراچی چیمبر کا معاشی استحکام کیلئے سرگرم کردار ادا کرنے کا عزم

قیام امن کے لیے فورسزسیل فعال، انرجی سیکیورٹی پلان بنانے کیلیے حکومت پر دبائو، پاورٹیرف کوحریف ممالک کے...


Business Reporter September 30, 2012
قیام امن کے لیے فورسزسیل فعال، انرجی سیکیورٹی پلان بنانے کیلیے حکومت پر دبائو، پاورٹیرف کوحریف ممالک کے برابر لانے کی کوشش کریں گے. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

پاکستان میں گزشتہ چند سال سے صنعت وتجارت بدترین بحران سے دوچار ہے، بجلی وگیس کے بحران، بے لگام مہنگائی، غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی، زائدشرح سود، پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافے اورامن وامان کے سنگین بحران کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

ان عوامل کے باعث ملکی برآمدات میں کمی اور بیروزگاری کی شرح میں اضافے کا رحجان غالب ہوگیا ہے۔ یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر محمدہارون اگر نے ہفتہ کو چیمبر کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کے دوران کہی، اس موقع پرنومنتخب سینئرنائب صدر شمیم فرپو، نائب صدرناصر محمود کے علاوہ بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، سبکدوش ہونے والے صدرمیاں ابرار ودیگر بھی موجود تھے۔

ہارون اگر نے کہا کہ کراچی چیمبرمیں گزشتہ 15سال سے بزنس مین گروپ کے نامزد امیدواروں کی تسلسل سے کامیابی سراج قاسم تیلی کی زیرقیادت عوامی خدمات کی فراہمی اورتاجربرادری کے مکمل اعتماد کی غمازی کرتا ہے جنہوں نے تجارتی وصنعتی شعبے کی بلاامتیاز خدمت کا بیڑہ اٹھاکر تاریخ رقم کردی ہے، ملکی معیشت کے استحکام میں شہرقائد کے تاجروںوصنعتکاروں کا کلیدی کردار ہے جن کے سبب قومی خزانے میں نہ صرف مجموعی محصولات کا ایک بڑا حصہ جمع ہوتا ہے بلکہ ملکی معیشت کی افزائش ہوتی ہے، ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کراچی کی تاجروصنعتکار برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے، کراچی چیمبر حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا اورتجارت و صنعت کے فروغ و استحکام کیلیے قانون سازی میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا۔

کراچی کے تاجروصنعتکارنہ رکنے والے اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری اورجرائم پیشہ عناصرکے خوف وہراس جیسے سنگین مسائل دوچار ہیں، حکومت کے متعلقہ اہم اداروں میں کراچی چیمبر کی نمائندگی کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ تاجربرادری کو قیام امن کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے بروقت آگہی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کی نئی منتخب ٹیم کی اولین ترجیحات میں مستقل بنیادوں پر قیام امن اور خوف وہراس کے ماحول کا خاتمہ ہے جس کیلیے کراچی چیمبر میں قائم سی پی ایل سی، رینجرزسیل اور وفاقی وزارت داخلہ کے تحت قائم شدہ این سی ایم سی کومزید فعال کیا جائے گا، بجلی کے بحران اور زائدٹیرف کی وجہ سے صنعتی شعبے کا پہیہ سست رفتار ہو گیا ہے جبکہ اس بحران نے چھوٹے تاجروں کی کمرتوڑکررکھ دی ہے۔

اس سلسلے میںکراچی چیمبرموثر حکمت عملی کے تحت پاورٹیرف کواپنے حریف ممالک کے ٹٰیرف کے مطابق لانے کی کوششیں کرے گا اور حکومت پر انرجی سیکیورٹی پلان مرتب کرانے کیلیے دبائو ڈالا جائے گا، ممبران کی خدمت کے دائرہ کارکو توسیع دینے کیلیے قائم کردہ کراچی چیمبرکی 25 سب کمیٹیوں میں سرگرم اراکین کو شامل کیا جائے گاجبکہ صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلیے قومی و بین الاقوامی سطح پر کیے گئے100معاہدوں کوفعال بنا کر ان پرترجیحی بنیادوں پرعمل درآمد کرایا جائے گا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ غیرترقیاتی اخراجات میں کمی کرے، بیشتر اشیا پر غیرمنصفانہ کسٹمز ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لے، تاجربرادری کے ساتھ ٹیکس اتھارٹیزکے رویے کو بہتر بنائے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلنگ ختم کرنے کیلیے موثر اقدامات بروئے کار لائے، مجوزہ آرجی ایس ٹی پر تاحال تاجربرادری کو تحفظات لاحق ہیں جس کے تحت زیروریٹڈ سیکٹرزکو اگر آرجی ایس ٹی ریجیم میں لایا گیا تو یہ شعبے مکمل تباہ ہوجائیں گے، محکمہ کسٹمز کے وی بوک کلیئرنس سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے جبکہ کسٹم ریفنڈ کے نظام کو شفاف بنایا جائے۔ سالانہ اجلاس عام کے بعد بی ایم جی کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کی قیادت میں تینوں عہدیداروں نے اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں