لاہورچیمبر نے 2013 کو ’’توانائی پرتوجہ کاسال‘‘ قراردیدیا

مسائل حل کرانے کیلیے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت جدوجہدکی جائے گی.


APP September 30, 2012
مسائل حل کرانے کیلیے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت جدوجہدکی جائے گی. فوٹو فائل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر فاروق افتخار، نومنتخب سینئر نائب صدرعرفان اقبال شیخ اور نومنتخب نائب صدر میاں ابوذرشاد نے اپنی ترجیحات کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ صنعت و تجارت اورکاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کیلیے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت جدوجہدکی جائیگی۔

انھوں نے آئندہ سال کو ''توانائی پر توجہ کا سال'' قرار دیتے ہوئے کہاکہ توانائی کے بحران کے حل کیلیے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیںگے۔ لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران ہفتے کے روز سالانہ اجلاس عام سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت الیکشن کمشنر میاں مظفرعلی نے کی۔ نومنتخب صدر فاروق افتخار نے کہاکہ بحران کے حل کیلیے توانائی کے ماہرین اور تاجر برادری کی مشاورت سے تجاویز تیارکرکے حکومت کو بھجوائی جائیںگی۔

انھوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ تجارت، ایگروبیسڈ انڈسٹری کے فروغ ،لاہور چیمبر کے شعبہ آر اینڈ ڈی کی تنظیم نو،مارک اپ کی شرح میںکمی اورامن و امان کی صورتحال کے معاملات پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی۔ انھوں نے کہاکہ ماہرین معاشیات،ٹیکنوکریٹس، بزنس مین ،بینکرز اورلاہور چیمبر کے سابق صدورسے مستقبل بنیادوں پرمشاورت کی جائیگی۔ نومنتخب سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ نے کہاکہ صوبائی اوروفاقی سطح پر ٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کرنے کیلیے کردار ادا کرنا اُن کی اوّلین ترجیح ہے۔

نومنتخب نائب صدر میاں ابوذرشاد نے کہاکہ وہ سرکاری محکموں کے ساتھ تاجر برادری کے تعلقات مستحکم کرنے کیلیے اقدامات اٹھائیںگے۔الیکشن کمشنر میاں مظفر علی نے اپنے خطاب میں لاہور چیمبر کی نئی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ممبران کے تحفظات دور کرنے کیلیے اقدامات اٹھائیں۔ انھوںنے کہاکہ لیٹ فیس کے ساتھ ممبرشپ کی تجدید ختم کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں