وزیراعظم نواز شریف نے قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلائے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے چک 59 میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے الزام میں مشتعل دیہاتیوں نے مسیحی جوڑے 24 سالہ شمع بی بی اور اس کے شوہر کو بھٹے میں پھینک کر زندہ جلا دیا تھا جس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد سے جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عیسائی جوڑے کو زندہ جلا دینا ناقابل معافی جرم ہے اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دلوانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اوران کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے موثر کردار ادا کیا جائے جب کہ ملک میں مذہبی اور معاشرتی رواداری کو فروغ دینے سے ہی اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہے۔
واضح رہے کہ دونوں میاں بیوی اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتے تھے جن پر مقامی افراد نے توہین قرآن کا الزام لگاتے ہوئے پہلے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر زندہ بھٹے میں پھینک دیا۔