ناکامیوں میں الجھے کینگروز کو پروٹیز نے بھی دبوچ لیا

ہوم سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 7 وکٹ سے شکست، روسو کے78 رنز

پہلا ٹوئنٹی 20 : جنوبی افریقی بیٹسمین کوائنٹن ڈی کاک کا جارحانہ شاٹ، دوسری تصویر میں ریلی روسو نصف سنچری کی تکمیل پر داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو : بی سی سی آئی

ناکامیوں میں الجھے کینگروز کو پروٹیز نے بھی دبوچ لیا، ہوم سیریز کے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں 7 وکٹ سے شکست ہوگئی۔

مہمان ٹیم نے ڈیبیوٹنٹ ریلی روسو(78) کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پا کر145 کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، کوائنٹن ڈی کاک 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ بھی یواے ای میں پاکستان کے ہاتھوں پے درپے شکست کھانے والی ٹیسٹ سائیڈ کے نقش قدم پر چل پڑا، ہوم سیریز کے پہلے ٹی20 میں جنوبی افریقہ نے اسے7 وکٹ سے مات دے دی، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ گنواکر144رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔


7 ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے شین واٹسن نے 36 گیندوں پر 47رنز بٹورے، جیمز فالکنر نے 41 ناٹ آؤٹ بناکر ان کا ساتھ نبھایا، قبل ازیں کینگروز ابتدائی 10 اوورز میں 67 پر4 وکٹیں کھوکر مشکل میں گھرے رہے، ڈیبیو کرنے والے بین ڈنک(2) اور ناتھن ریئرڈن(4) متاثر نہیں کر پائے، آرون فنچ 14اورکیمرون وائٹ24 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، پیسر کائل ایبٹ نے 21 رنز دے کر3 شکار کیے۔

جنوبی افریقی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا،تیسری ہی گیند پر اوپنر ریزا ہینڈرکس کھاتہ کھولے بغیربولنجر کی گیندپر وکٹ کیپر ڈنک کے ہتھے چڑھ گئے، اس کے بعد ریلی روسو اور کوائنٹن ڈی کاک نے دوسری وکٹ کیلیے129 کی شراکت بناکر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا، روسو نے 50 گیندوں پر 78رنز جوڑے جبکہ ڈی کاک 39 گیندوں پر 46رنز بناکر پویلین لوٹے، بولنجر، پیٹ کمنز اور کیمرون بوائس نے ایک، ایک وکٹ لی، سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو میلبورن اور فیصلہ کن معرکہ اتوار کو سڈنی میں شیڈول ہے۔
Load Next Story