کراچی فائرنگ کے واقعات میں ڈاکو اور گینگسٹر سمیت 5 ہلاک

کلاکوٹ میں عذیر بلوچ گروپ سے غداری پر گینگسٹر کو سرعام فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا


Staff Reporter November 07, 2014
نیو کراچی کے علاقے سیکٹر11/Lنابینا گلی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 خواتین، ڈاکو اور گینگسٹر سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ ابراہیم حیدری کے علاقے ریڑھی روڈ سمندر کنارے عالم فش فیکٹری کے قریب عمارت سے خاتون کی لاش ملی۔

ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ جس عمارت سے خاتون کی لاش ملی ہے وہ کھنڈر نما عمارت ہے جس میں کوئی رہائش نہیں، ملزمان نے مغوی خاتون کو عمارت میں لانے کے بعد تشددکا نشانہ بنایا اور سر میں ایک گولی مارکر قتل کردیا، مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی، 30 سے35سالہ مقتول سیاہ برقع اور گلابی رنگ کا شلوار قمیض زیب تن کیے ہوئے ہے، پولیس نے سرکارکی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نیو کراچی کے علاقے سیکٹر11/Lنابینا گلی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 30 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او نیو کراچی انسپکٹر کمال نسیم نے بتایا کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ عامر کو گلی کی سیکیورٹی کے لیے علاقے والوں نے رکھا تھا جبکہ گارڈ عامر نے 2 لڑکے مزدوری کیلیے رکھے تھے جن سے وہ کمیشن وصول کرتا تھا، سیکیورٹی گارڈ عامر نے فائرنگ کرکے ایک مزدور کو ہلاک کر دیا اور فرار ہوگیا جبکہ دوسرا مزدور خوف زدہ ہوکر موقع سے فرار ہوگیا۔ قائد آباد کے علاقے گل احمد مسلم آباد کالونی میں رہائش پذیر 40سالہ خاتون گوہر تاجہ زوجہ شہباز خان کومسلح ملزم نے گھر میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرارہوگیا، ایس ایچ او قائد آباد امان اﷲ مروت نے بتایا کہ فائرنگ مقتولہ کے داماد رئیس نے کی ہے۔

نیو کراچی کے علاقے صبا سینما کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے6 سالہ اسما دختر اکرم زخمی ہو گئی۔ ادھرسرجانی ٹاؤن میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمموقع سے فرار ہوگئے، پولیس ڈاکو کی ہلاکت کو مقابلہ ظاہر کرتی رہی۔ سرجانی تیسر ٹاؤن سیکٹر51-A میں موٹرسائیکل سوار 3 ڈاکو راہ گیروں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور ایک ڈاکو کو دبوچ لیا جبکہ دیگر ملزمان نے اسے چھڑانے کیلیے فائرنگ کر دی اور ناکامی پر موقع سے فرار ہوگئے، اس دوران کسی نامعلوم شہری نے پکڑے جانے والے ڈاکو کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، پولیس نے سخت جدوجہدکے بعد ڈاکو کی لاش کو اپنے قبضے میں لے کر عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن بشیر وٹو نے دعویٰ کیاکہ ڈاکو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوا ہے۔ دوسری جانب کلاکوٹ کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ آفتاب میڈیکل کے قریب گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ عبدالحمید پٹھان چہرے اور سینے پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول اسپتال میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول عذیر بلوچ کے کمانڈر شیراز گروپ سے تعلق رکھتا تھا، اطلاعات کے مطابق مقتول عبدالحمید پٹھان لیاری کے علاقے جمن شاہ پلاٹ کا رہائشی تھا جسے عذیر بلوچ کے اہم کمانڈر ماب بلوچ نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنے گروپ سے غداری کرنے پر سر عام فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔

عبدالحمید پٹھان نے چند سال قبل 14 سالہ لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد اسے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا تاہم لوگوں کے کہنے پر اس نے لڑکی کو اہلخانہ کے حوالے کر دیا تھا اور اس کے بعد ایک اور لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد اس سے شادی کرلی تھی جس سے ایک بیٹی ہوئی تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بھتہ خوری، اغوا اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مدینہ کالونی کے علاقے سعید آباد بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 60 سالہ خاتون بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں