تحریک انصاف پنجاب اسمبلی ارکان کے استعفوں کی تصدیق پر ڈیڈ لاک برقرار

استعفوں کی تصدیق کیلئے کوئی رکن حاضرنہیں ہوا جبکہ اسمبلی قوانین کے رو سے رکن کا تنہا حاضر ہونا ضروری ہے،اسپیکراسمبلی


ویب ڈیسک November 07, 2014
استعفے جمع کرادیئے ہیں اسپیکر نوٹی فکیشن جاری کریں،میاں محمودالرشید۔ فوٹو؛؛ایکسپریس نیوز

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف کے ارکان استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہے جس کی وجہ سے استعفوں کی تصدیق پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف پنچاب کے صدر میاں محمودالرشید کی قیادت میں استعفوں کی تصدیق کے لئے پارٹی کے 30 میں سے 29 اراکین اسمبلی کے کانفرس روم میں بیٹھے رہے اس موقع پراسپیکررانا مشہود نے استعفوں کی تصدیق کے لئے پی ٹی آئی اراکین کو ایک ایک کر کے آنے کی ہدایت کی جسے میاں محمود الرشید نے مسترد کرتے ہوئے اسپیکر کے پاس الگ الگ جانے سے انکارکردیا۔


سہہ پہر ساڑھے 3 بجے استعفوں کی تصدیق کا وقت ختم ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کوئی رکن استعفوں کی تصدیق کے لئے حاضر نہیں ہوا جب کہ اس حوالے سے انہیں تحریری طور پر بھی آگاہ کیا گیا کہ اسمبلی قوانین کی رو سے استعفوں کی تصدیق کے لئے رکن کو اکیلے اسپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے اس لئے ہر رکن تنہا آئے تاکہ اس بات کی تسلی کی جاسکے کے کسی رکن پر استعفے کے لئے کوئی دباؤ نہیں۔


دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ 30 میں سے 29 ارکان نے اجتماعی طور پر استعفے جمع کرادیئے ہیں اسپیکر نوٹی فکیشن جاری کریں،الگ الگ تصدیقی عمل کے لئے کوئی پیش نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اراکین نے استعفے دیئے ہوئے ہیں اگر کسی رکن پردباؤ ہوتا تو اب تک ایسی کوئی بات سامنے آجاتی تاہم ہر رکن نے پارٹی پالیسی کے تحت اپنے استعفے رضامندی سے پیش کئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں