او جی ڈی سی ایل کی نج کاری نہیں کی جارہی وزیر مملکت برائے نج کاری

ادارے کی انتظامیہ کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے اور نہ ہی ملازمین کو نکالا جائے گا، وزیر مملکت برائے نجکاری محمدزبیر


ویب ڈیسک November 07, 2014
ملازمین اور یونین کے تحفظات دور کرنے کے لیے ان کے پاس جانے کو تیا رہیں، محمد زبیر، فوٹو:فائل

وزیر مملکت برائے نج کاری محمد زبیر کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی نج کاری نہیں کی جارہی بلکہ اس کے 10 فیصد شیئرز فروخت کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت محمد زبیر نے بتایا کہ حکومت نے نج کاری سے متلق کچھ نہیں چھپایا ہے جب کہ او جی ڈی سی ایل کی نج کاری نہیں کی جارہی اور نہ ہی اس کی انتظامیہ کو تبدیل کیا جارہا ہے، ادارے سے ملازمین کو نکالنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے، ادارے کے 10 فیصد شیئرز فروخت کیے جارہے ہیں جس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شیئرز کی فروخت کے بعد بھی 65 فیصد سے زائد شیئرز حکومت کے پاس رہیں گے، کابینہ کمیٹی کی جانب سے 322 ملین کے شیئرز کے فروخت کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت 311 ملین شیئرز مارکیٹ میں لائے ہیں جب کہ 11 ملین میں سے دو تہائی عوام اور ایک تہائی ملازمین کے لیے ہیں۔

محمد زبیر نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل کے ملازمین بھی ادارے کے شیئرز خرید سکتے ہیں اس سے ملازمین کو سب سے زیادہ فائدہ ملنا چاہئے جب کہ ایسا پہلی مرتبہ ہونے نہیں جارہا ہے اس قبل بھی اداروں کے شیئرز فروخت کیے گئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ملازمین اور یونین کے تحفظات دور کرنے کے لیے ان کے پاس جانے کو تیا رہیں کیونکہ ہم اکیلے کوئی فیصلہ کرنا نہیں چاہتے اور یہ بھی یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس کے بعد موجودہ دور حکومت میں مزید شیئرز کی فروخت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں