یونس ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بے تاب نظر آنے لگے

1992میں ٹائٹل جیتنے والے اسٹارز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چند اچھی اننگز کھیلنے کی خواہش دل میں مچل رہی ہے، یونس خان

کیویز کیخلاف سیریز نیا چیلنج ہوگی، ذرا سی غفلت بھی فتوحات کو بریک لگا سکتی ہے، یونس خان فوٹو: فائل

یونس خان ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بے تاب نظر آنے لگے، تجربہ کار بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کو شاندار کارکردگی سے یادگار بنانے کی خواہش دل میں مچل رہی ہے،کیویز کیخلاف سیریز بھی ایک نیا چیلنج ہوگی، ذرا سی غفلت بھی فتوحات کو بریک لگا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز کیخلاف کلین سوئپ فتح کے ہیرو یونس خان نے ایک انٹرویومیں ورلڈ کپ کیلیے اپنی بے تابی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ1992میں ٹائٹل جیتنے والے اسکواڈ میں شامل جاوید میانداد، انضمام الحق اور رمیز راجہ جیسے اسٹارز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے چند اچھی اننگز کھیلنے کی خواہش دل میں مچل رہی ہے،ان کے کارنامے 22سال بعد ہمیں یاد ہیں، چاہتا ہوں کہ ایسی ہی کوئی ناقابل فراموش پرفارمنس میرے بھی کیریئر کا عروج ثابت ہو۔


انھوں نے کہا کہ کینگروز کیخلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیے جانے پر کوئی رنجش باقی نہیں، سب کچھ بھلا کر کیویز سے مقابلوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں، گذشتہ2 ٹیسٹ میں بنائے گئے رنز پر فخر کرنے کے بجائے نئی مہم کیلیے تیار ہونے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈکو اسٹار کرکٹرز کی خدمات حاصل نہیں لیکن ایک ٹیم کے طور پر وہ ہمیشہ خطرناک ثابت ہوتے ہیں، فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی،یونس خان نے کہا کہ کینگروز کیخلاف سیریز میں ذوالفقار بابر، یاسرشاہ اور عمران خان سمیت نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارم کرکے روشن مستقبل کی نوید سنائی۔

اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو سینئرز کی رہنمائی اور توجہ ملے تو وہ بڑے کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں، اگر انھیں درست سمت میں گامزن رکھنے کیلیے مثبت انداز میں سپورٹ کیا جائے تو مستقبل کے اسٹارز بن کر ابھریں گے، انھوں نے کہا کہ پلیئرز کو عزت دینے کی ضرورت ہوتی ہے،میرے ساتھ پی سی بی نے اچھا سلوک نہیں کیا، مگر میں سب تلخیاں بھلا چکا، اللہ نے بھی مجھے ان مشکلات پر قابو پانے کا حوصلہ دیا، ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کو اثاثہ سمجھتے ہوئے ان کا پوری طرح خیال رکھنا ہوگا،سینئر بیٹسمین نے کہا کہ کپتان مصباح الحق نے اس بار ہر معاملے میں پلیئرز کے ساتھ مشاورت کی جس کا ٹیم کو فائدہ ہوا اور وہ خود بھی یادگار اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔
Load Next Story