تھرڈ اور فیلڈ امپائر کی گفتگو اب ’’راز‘‘ نہیں رہ سکے گی

میچ کےدوران کوئی بھی فیصلہ ریفر کیے جانے کےبعد شائقین فیلڈ اور تھرڈ امپائرزکی باہمی گفتگوایک مائیک کےذریعےسن سکیں گے۔


Sports Desk November 08, 2014
جمعے کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین ون ڈے میچ کے دوران پہلا تجربہ کیا جائے گا، فوٹو: فائل

تھرڈ اور فیلڈ امپائر کی گفتگو اب ''راز'' نہیں رہ سکے گی،انٹرنیشنل کرکٹ میں اب امپائرز اپنے فیصلوں سے شائقین کو آگاہ کریں گے، کسی بھی نتیجے تک پہنچتے ہوئے میچ آفیشلز کی تمام تر گفتگو مائیک کے ذریعے سنی جا سکے گی، پہلا تجربہ جمعے کوآسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین ون ڈے میچ کے دوران ہوگا،کامیابی کے بعد اسی انداز سے ورلڈ کپ کے منتخب مقابلوں کو مزید دلچسپ بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایک آسٹریلوی نشریاتی ادارے نے انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلیے ایک نیا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میچ کے دوران کوئی بھی فیصلہ ریفر کیے جانے کے بعد شائقین فیلڈ اور تھرڈ امپائرز کی باہمی گفتگو ایک مائیک کے ذریعے سن سکیں گے،انھیں فیصلے کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ تمام جزیات سے آگاہ کیا جائے گا، اس سے قبل جب بھی تھرڈ امپائر سے رجوع کیا جاتا تو مائیک پر فیلڈ امپائرز کے صرف لب ہلتے نظر آتے، اس دوران ٹی وی مبصرین اور شائقین اپنے طور پر اندازہ لگانے کی کوشش کرتے رہتے تھے کہ کوئی ایل بی ڈبلیو، اسٹمپڈ، رن آؤٹ یا مشکوک کیچ دیا جائے گا یا نہیں، اگر کوئی فیصلہ ہوا تو اس کی کیا وجوہات تھیں،خاص طور پر ایل بی ڈبلیو کے معاملے میں بہت سی چیزیں وضاحت طلب رہ جاتی تھیں،اب نہ صرف فیلڈ اور تھرڈ امپائرز کی گفتگو بھی سنی جاسکے گی بلکہ ٹی وی کے سامنے بیٹھا آفیشل اپنے فیصلے پر غور کے سارے عمل کی ساتھ ساتھ وضاحت کرتا جائے گا۔

وہ کسی فیصلے تک کیسے پہنچا،گیند کیا لائن میں تھی، پہلے بیٹ سے ٹکرائی یا بعد میں، رن آؤٹ کے وقت بیلز کی کیا پوزیشن تھی، یہ سب مائیک پر بتایا جائے گا۔ اس وضاحت کے دوران شائقین کی بھرپور دلچسپی برقرار رہے گی اور انھیں ذہن میں گردش کرنے والے سوالات کا جواب بھی مل جائے گا۔اس ضمن میں پہلا تجربہ جمعے کو میزبان آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین ون ڈے میچ کے دوران ہوگا،چند مزید مقابلوں میں امپائرز بھی نئے سسٹم کے عادی ہوجائیں گے، تجربے کی کامیابی کے بعد اسی انداز میں ورلڈ کپ کے منتخب مقابلوں کو مزید دلچسپ بنایا جائے گا۔ نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ امپائرز اور مبصرین کیلیے بھی نیا تجربہ ہوگا، امید ہے کہ شائقین کی دلچسپی اسے کامیاب بنائے گی۔ قبل ازیں آئی سی سی نے بڑی خوش دلی سے تجرباتی طور پر امپائرز کی گفتگو سنانے کی اجازت دیدی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔