پاکستان اور نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ سیریز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کل متحدہ عرب امارات کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی مہمانی کرے گا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ کیویز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ کپتان مصباح الحق کی قیادت میں 16 رکنی ٹیم میں احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، احسان عادل، حارث سہیل، عمران خان، محمد حفیظ، محمد طلحہ، راحت علی، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد، شان مسعود، توفیق عمر، یاسر شاہ، یونس خان اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔
دوسری جانب برینڈم میکولم کی قیادت میں کیویز اسکواڈ کورے اینڈریسن، کین ویلمسن، بی جے واٹلنگ، روس ٹیلر، ٹم ساؤتھی، مارک کریگ، اش سودھی، ردرفورڈ، رونچی، جیمز نیشام، ٹوم لیتھم، بریسویل اور ٹرینٹ بولڈ پر مشتمل ہے۔
قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ جیت گئی تو کپتان مصباح الحق،جاوید میاں داد اور عمران خان کا سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے والے کپتان کا ریکارڈ توڑدیں گے اس وقت تینوں کپتان 14 ٹیسٹ فتوحات کے ساتھ ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ رینکنگ کی بات کی جائے تو پاکستان کیویز کے خلاف تین صفر کی کامیابی سے نمبر3 پر ہی رہے گا جبکہ قومی ٹیم ایک صفر سے شکست پر نمبر 5، دو صفر سے ہارنے پر نمبر 6 اور تین صفر سے شکست پر 7ویں پوزیشن پر پہنچ جائےگی۔