فاسٹ بولر محمد عامر کی کرکٹ میں جلد واپسی کے امکانات روشن

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کل دبئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ پر نظرثانی کا امکان ہے


ویب ڈیسک November 08, 2014
نئے قانون کے بعد سب سے زیادہ فائدہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف کو ہوگا۔ فوٹو؛فائل

SEVILLE:

سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی دوبارہ کرکٹ میں جلد واپسی کے امکانات روشن ہوگئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کل دبئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ پر نظرثانی کا امکان ہے جس کے مطابق سزا یافتہ کھلاڑی اپنی سزا کے دوران کم سے کم ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے جب کہ اس حوالے سے ایگزیکٹو کمیٹی پہلے ہی اپنی سفارشات بورڈ کو دے چکی ہے جسے رسمی طور پر منظور کرلیا جائے گا۔


آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے بعد سب سے زیادہ فائدہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو ہوگا جو اپنی سزا کا زیادہ حصہ گزار چکے ہیں جب کہ نئے قانون کی منظوری کے بعد تمام کھلاڑی سزا کی مخصوص مدت کے بعد ڈومیسٹک میچز کھیل سکیں گے تاہم اس حوالے سے واضح نہیں کیا گیا کہ سزا یافتہ کھلاڑی کتنے عرصے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔


واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ سال محمد عامر کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی اپیل پر ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیتے ہوئے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ اور اینٹی کرپشن کوڈ پر نظرثانی کی درخواست کی ہے جسے حتمی طور پر کل ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں منظور کئے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔