امریکی صدر براک اوباما نے سیاہ فام قانون دان اور بروکلین کی فیڈرل پراسیکیوٹر لوریٹا لائنچ کو نیا اٹارنی جنرل مقرر کردیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اگر سینیٹ 55 سالہ لائنچ کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے نامزدگی کی منظوری دے دیتی ہے تو وہ پہلی سیاہ فام خاتون ہوں گی جو اس عہدے پر فائز ہوں گی جب کہ براک اوباما نے اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹ ان کے اس فیصلے کی توثیق کردے گی ۔
براک اوباما کا کہنا تھا کہ لائنچ نے نیو یارک کی ڈسٹرکٹ بروکلین، لانگ آئی لینڈ، کوئنز اور اسٹیٹن میں اٹارنی جنرل کی حیثیت سے بہترین خدمات انجام دیں اور وہ واحد خاتون قانون دان ہیں جنہوں نے منشیات کےگھناؤنے کاروبار سے منسلک گندی مچھلیوں اور دہشت گردوں کے خلاف قانونی جنگ لڑی۔
لوریٹا لائنچ مستعفی ہونے والے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کی جگہ لیں گی جب کہ ایرک ہولڈر 2009 میں اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔