آئی سی سی نے کرکٹرز کو ’تمیز‘ سکھانے کا فیصلہ کرلیا

میچ آفیشلز کو ’شرپسند‘ کھلاڑیوں کی سرکوبی کے لیے سخت ہدایات جاری

کھلاڑیوں کو ابتدائی وارننگ دینے کے ساتھ ان کیخلاف سخت ایکشن بھی لیا جائے۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹرز کو 'تمیز' سکھانے کا فیصلہ کرلیا، میچ آفیشلز کو 'شرپسند' کھلاڑیوں کی سرکوبی کیلیے سخت ہدایت کردی، کسی بھی معاملے کو بین الاقوامی جھگڑے کا روپ دھارنے سے قبل ہی ختم کرنے کو کہا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ جارحانہ اندازکی بھی ایک حد ہوتی ہے جسے ہرگز عبور نہیں کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ میں کئی ایسے واقعات رونما ہوچکے جو بعد میں شدت اختیار کرگئے اور2بورڈز ایک دوسرے کے سامنے آ کھڑے ہوئے۔ کچھ عرصہ قبل ایسا ہی بھارتی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کے دوران ہوا جب جیمز اینڈرسن اور رویندرا جڈیجا کے درمیان تنازع نے سیریز کو ہی خطرے میں ڈال دیا تھا، رواں برس کے شروع میں آسٹریلوی کپتان کلارک اور جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین میں بھی تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر ابھی تک پروٹیز پیسر کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا ہے۔


آئی سی سی میٹنگز میں حصہ لینے کے بعد وطن واپس پہنچنے والے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے بتایا کہ آئی سی سی نے ان معاملات کا سختی سے نوٹس لیا اور میچ آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی معاملے کو عالمی تنازع بننے سے قبل ہی روک دیں، جیسے ہی وہ دیکھیں کہ معاملہ حد سے تجاوز ہورہا ہے فوری طور پر حرکت میں آجائیں، کھلاڑیوں کو ابتدائی وارننگ دینے کے ساتھ ان کیخلاف سخت ایکشن بھی لیا جائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اپنی کتاب کی رونمائی میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا تھا کہ ہم جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلتے اور اسی طرح ہی کھیلیں گے، یہ ہمارا روایتی انداز ہے، ہم شکست پر حریف سائیڈ کو ان کے ڈریسنگ روم جاکر مبارکباد دینے اور ان کے ساتھ بیئر پینے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں، جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ جارحانہ انداز کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور کسی بھی صورت میں کھلاڑیوں کو اس سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
Load Next Story