ابوظہبی ٹیسٹ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 269 رنز بنالئے

احمد شہزاد نے 12 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری مکمل کی جبکہ محمد حفیظ 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے درمیان 178 رنز کی ریکارڈ شراکت ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ جاری ہے اور پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور نیوزی لینڈ کے بالرز کی ایک نہ چلنے دی، محمد حفیظ 178 کے مجموعی اسکور پر 96 رنز بنا کر کورے اینڈرسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تاہم احمد شہزاد نے شاندار بلے بازی جاری رکھی اور 12 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی 178 رنز کی شراکت پاکستان کی جانب سے 2005 کے بعد کسی بھی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اوپنرز کی جانب سے 100 یا زائد رنز کی یہ پہلی شراکت ہے۔


قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے بہت اچھی ہے اور آگے چل کر اسپنرز کے لئے سازگار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم ہی میدان میں اترے گی اور کوشش ہے جو کارکردگی کینگروز کے خلاف دکھائی تھی اسی کو نیوزی لینڈ کے خلاف بھی دہرائیں۔

نیوزی لیند کے کپتان برینڈن میک کولم کا کہنا تھا کہ لڑکوں نے سخت محنت کی ہے اور کوشش ہو گی کہ پاکستان کو پہلی اننگز میں کم سے کم اسکور پر آؤٹ کیا جائے کیونکہ وکٹ وقت کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کے لئے خطرناک ہوتی جائے گی۔ ہم ایک مختلف ٹیم کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر یں گے ، ہمیں اضافی بالرز کی ضرورت ہوگی اور ہمارے پاس دائیں اور بائیں ہاتھ کے بلے بازوں پر مشتمل ملی جلی ٹیم ہے جو ہمیں پاکستان کے اسپنرز کے خلاف مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
Load Next Story