رحیم یار خان میں تحریک انصاف کے جلسے میں رہنماؤں کی دھواں دھار تقاریر
تحریک انصاف کے جلسہ عام میں رہنماؤں کی دھواں دھار تقاریر جاری ہیں جبکہ پارٹی کے نغموں کے ذریعے جلسے میں موجود لوگوں کے دل گرمائے جارہے ہیں۔
رحیم یار خان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قوم کو آئی ایم ایف کا مزید مقروض بنادیا لیکن میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ قومیں قرضوں سے نہیں بلکہ دیانت سے بنتی ہیں، قومیں قیادت بناتی ہیں اور قیادت سے جذبہ پیدا ہوتا ہے اور قوم کو عمران خان کی شکل میں قائد مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جوش وجذبے سے پتا چلتا ہے کہ رحیم یار خان میں بھی تبدیلی آگئی ہے لیکن ہمیں اس تبدیلی کو مزید آگے لے کر جانا ہے اس لئے آصف علی زرداری تیار ہوجائیں، سونامی لاڑکانہ آرہا ہے اور عمران خان 21 نومبر کو لاڑکانہ جارہے ہیں جس کے لئے ہمیں آپ سے این او سی نہیں لینا پڑے گا۔
رحیم یارخان کے خواجہ فرید کالج گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے جلسے میں داخلے کےلئے 6 دروازے رکھے گئے ہیں، ایک دروازہ پارٹی کے چیرمین سمیت اہم شخصیات، ایک فیملیز، ایک خواتین اور بچوں جبکہ 3 کارکنوں اور دیگر عوام کے لئے مختص کئے گئے ہیں، وی آئی پی موومنٹ کے لئے خواجہ فرید روڈ جبکہ اسٹیڈیم روڈ کو عوام کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ جلسے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے باہر 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ کے اندر تحریک انصاف کے رضا کار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
جلسہ عام میں شرکت کے لئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جنہوں نے سرخ اور سبز رنگ کے ملبوسات پہن رکھے ہیں جلسہ گاہ میں تحریک انصاف کے نغموں کے ذریعے لوگوں کے جوش و جذبے کو مزید گرمایا جارہا ہے۔ پنڈال میں فیس پینٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں خواتین اور بچے اپنے چہروں پر پارٹی پرچم اور دیگر نقش و نگار بنوارہے ہیں۔