بلوچستان میں داعش کا مختلف کالعدم مذہبی تنظیموں سے رابطوں کا انکشاف

داعش نے کالعدم مذہبی تنظیموں کو ملک میں مشترکہ کارروائیوں کی دعوت بھی دی ہے، محکمہ داخلہ بلوچستان کی رپورٹ


ویب ڈیسک November 09, 2014
داعش آپریشن ضرب عضب میں مصروف پاک فوج پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، رپورٹ فوٹو؛فائل

محکمہ داخلہ بلوچستان کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ داعش کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کے لئے اس نے کالعدم مذہبی تنظیموں سے رابطے بھی کئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ ، آئی جی پولیس اور دیگر حکام کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام اور عراق سمیت دیگر ملکوں کے بعد داعش اب پاکستان میں اپنا نیٹ ورک مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس سلسلے میں داعش نے 10 رکنی خصوصی ونگ بنایا ہے جس نے لشکر جھنگوی سمیت مختلف کالعدم مذہبی تنظیموں سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں اپنی تنظیم کے ساتھ مل کر کارروائیوں کی دعوت دی ہے۔ داعش نے کالعدم لشکر جھنگوی کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ملک میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر کارروائیوں کو تیز کرے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ داعش سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد کا گروپ ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہا ہے، اس کے علاوہ آپریشن ضرب عضب میں مصروف پاک فوج کے جوانوں اور افسران پر حملوں کی حکمت عملی بھی ترتیب دی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق داعش کا دعویٰ ہے کہ مہمند ایجنسی اور کرم ایجنسی میں 10 ہزار سے زائد افراد نے تنظیم میں شمولیت کے لئے رابطہ کیا ہے جنہیں دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں